دنیا بھرمیں کوروناوائرس سے ہلاکتوں کی تعداد ساڑھے چار لاکھ سے تجاوز کرگئی، مختلف ممالک میں کورونا سے 84لاکھ سے زائد افراد متاثر

96

واشنگٹن/پیرس ۔ 18 جون (اے پی پی) دنیا بھرمیں مہلک کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد ساڑھے چار لاکھ سے تجاوز کرگئی ہے۔ جمعرات کو امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق دنیا بھر میں کورونا سے اب تک 84لاکھ سے زائد افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ مختلف ممالک میں 4 لاکھ 51 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق دنیا میں کورونا وائرس سے اب تک 8,406,06 افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ مجموعی ہلاکتوں کی تعداد 451,387 تک پہنچ گئی ہے۔ کورونا وائرس سے امریکہ میں ایک لاکھ 19ہزار سے زائد افراد لقمہ اجل بن گئے ہیں۔ہلاکتوں کی تعداد کے اعتبار سے لاطینی امریکی ملک برازیل دوسرے نمبر پر ہے جہاں اب تک46665 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ برطانیہ میں42,238، اٹلی میں 34,448، فرانس میں 29,578، سپین میں 27,136، میکسیکو میں 19,080اور بھارت میں اس مہلک وائرس سے اب تک12 ہزار 262 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ ایران میں کورونا سے مرنے والوں کی تعداد 9,185 ہے۔ دنیا کا سب سے زیادہ متاثرہ ملک امریکہ ہے جہاں متاثرین کی تعداد2234471 ہے جبکہ ملک میں اب تک 119941 ہلاکتیں ہوچکی ہیں۔یہ امر قابل ذکر ہے کہ کورونا وائرس کا پہلا کیس 17نومبر2019ءکو چین میں سامنے آیا تھا جس نے اب پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔ چین میں کورونا وائرس سے 4634 افراد ہلاک ہوئے ہیں اور ملک میں اس وقت فعال مریضوں کی تعداد 265 ہے۔