دنیا غیرمستحکم افغانستان کی متحمل نہیں ہو سکتی،افغانستان میں انسانی بحران سے بچنے کے لئے عالمی اتحاد اور مخلصانہ کوششوں کی ضرورت ہے،چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ

122
دنیا غیرمستحکم افغانستان کی متحمل نہیں ہو سکتی،افغانستان میں انسانی بحران سے بچنے کے لئے عالمی اتحاد اور مخلصانہ کوششوں کی ضرورت ہے،چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ

راولپنڈی۔18دسمبر (اے پی پی):چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ دنیا غیرمستحکم افغانستان کی متحمل نہیں ہو سکتی،افغانستان میں انسانی بحران سے بچنے کے لئے عالمی اتحاد اور مخلصانہ کوششوں کی ضرورت ہے،انہوں نے یہ بات یہاں افغانستا ن و پاکستان کے لئے جرمنی کے خصوصی نمائندے جیسپر ویک سے ملاقات کے دوران کہی ۔

ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور ، علاقائی سلامتی، افغانستان کی موجودہ صورتحال اور انسانی ہمدردی کے اقدامات میں تعاون اور شراکت داری پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ہفتہ کو آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق اس موقع پر جنرل قمر جاوید باوجوہ نے کہا کہ پاکستان عالمی اور علاقائی امور میں جرمنی کے کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے ۔

ہم جرمنی سے اپنے دوطرفہ تعلقات کو بڑھانے کے خواہش مند ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دنیا غیر مستحکم افغانستان کی متحمل نہیں ہو سکتی جو اقتصادی تباہی کاشکارہے۔ انہوں نے کہا کہ بڑھتےہوئے انسانی المیہ کو روکنے کے لئے عالمی اتحاد اور مخلصانہ کوششوں کی ضرورت ہے۔

انہوں نے افغانستان میں امن اور مفاہمت کے اقدامات کی اہمیت پر زور دیا۔ اس موقع پر جرمنی کے نمائندےنے افغانستان کی صورتحال میں پاکستان کے کردار، بارڈار مینجمنٹ کے لئے خصوصی کاوشوں اور علاقائی استحکام میں پاکستان کے کردار کو سراہا اور پاکستان کے ساتھ ہر سطح پر سفارتی تعاون میں مزید بہتری کے لئے اپنا کردار ادا کرنے کا عہد کیا۔