دنیا پاکستان کی کورونا وائرس کی وبا سے نمٹنے کی حکمت عملی کی تعریف کر رہی ہے، صدر ڈاکٹر عارف علوی

95

اسلام آباد۔19اکتوبر (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ دنیا پاکستان کی کوروناوائرس کی وبا سے نمٹنے کی حکمت عملی کی تعریف کر رہی ہے، قوم کو اسی عزم کے ساتھ اس وبا کا مقابلہ کرنے کیلئے احتیاطی تدابیر پر عمل جاری رکھنا چاہئے۔ پیر کو اپنےٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ میرے پیارے پاکستانیو آپ نے غریبوں کی دیکھ بھال کی، اﷲ سے دعا ئیں مانگیں اور اب دنیا آپ کی تعریف کر رہی ہے اور اس عالمگیر وبا سے نمٹنے کے لئے پاکستانی قوم کے اقدامات کا اعتراف کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک ابھرتی ہوئی قوم سے تعلق ہونے کے باعث کوئی بھی آپ کو آپ کو آپ کی حقیقی عظمت کے حصول سے روک نہیں سکتا ۔صدر مملکت نے امریکہ کے سابق وزیر خزانہ اور ماہر معیشت لیری سمرز کی جانب سے کورونا وائرس کی وبا سے نمٹنے سے متعلق پاکستان کی تعریف کا حوالہ دیا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ امریکہ اسی طرح کے منصوبے پر عمل کرکے کھربوں ڈالر بچا سکتا تھا۔ انہوں نے اپنے بیان میں وزیراعظم عمران خان کی جانب سے اختیار کی گئی سمارٹ لاک ڈائون کی پالیسی کا حوالہ دیا تھا جس سے کوروناوائرس کی وبا کے پھیلائو کو روکنے میں مدد ملی۔ صدر مملکت نے عالمی ادارہ صحت کے سربراہ ٹیڈروس ایڈہانوم گیبریسسس کا بھی حوالہ دیا جنہوں نے پاکستان کی تعریف کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان نے کورونا وائرس کی وبا پر قابو پالیا ہے اور اب پاکیستان کی معیشت پھلے پھولے گی کیونکہ ملک میں استحکام ہے۔