دنیا کشمیر کا فوری اور مستقل حل تلاش کرے، سفیر امن کلیئر ی بڈویل کا نیشنل پریس کلب میں تقریب سے خطاب

142

اسلام آباد۔15اکتوبر (اے پی پی):برطانوی ماہر تعلیم، سفیر امن اور بانی عالمی کشمیر آگاہی مہم کلیئر ی بڈویل نے کہا ہے کہ دنیا کو کشمیر کا فوری اور مستقل حل تلاش کرنا چاہیے، بھارت کشمیرمیں آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنے پر کام کر رہا ہے جو کشمیریوں کے لیے قابل قبول نہیں، مقبوضہ کشمیر میں نسل کشی ، قتل اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو روکنے کے لیے عالمی طاقتوں کو کشمیر پر فوری توجہ دینی چاہیے۔

وہ جمعہ کو نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں تھنک ٹینک انسٹی ٹیوٹ آف پیس اینڈ ڈویلپمنٹ( انسپاڈ )اور نیوز ایجنسی کشمیر نیوز نیٹ ورک (کے این این) کے زیراہتمام استقبالیہ تقریب میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کر رہی تھیں۔

صدر انسپاد ڈاکٹر محمد طاہر تبسم ، چیف ایڈیٹر کے این این جاوید اکرم ملک ، مشہور مذہبی اسکالر ڈاکٹر عمر ریاض عباسی ، چیئرپرسن لفٹ اسلام آباد ڈاکٹر عاصمہ ملک ، کرنل (ر) محبت علی اور یوتھ کوآرڈینیٹر محمد طلحہ زبیرنے بھی خطاب کیا۔ کلیئر ی بڈویل نے کہا کہ کشمیر ایک انسانی بحران ہے لوگوں کو اس کے حل پرفوری توجہ دینی چاہیے اور اس سال 17 اکتوبر سے میری ”کشمیریوں کو فیصلہ کرنے دو“ کی مہم شروع ہونے جا رہی ہے۔ انہوں نے انسپاڈ اور کے این این کی تقریب کو سراہا اور کہا کہ ہم آپ کے مقاصد کے ساتھ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ مبارک مہینہ ہے اور میں کبھی کبھار حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے بارے میں پڑھتی ہوں ۔ ڈاکٹر محمد طاہر تبسم نے کہا کہ کشمیر اور فلسطین کے دیرینہ تنازعات کا پرامن حل عالمی امن اور ہم آہنگی کا راستہ ہے ، دنیا کو ان مسائل کے اثرات کو سمجھنا چاہیے۔

حکومت کو پالیسی سازوں اور پارلیمنٹیرینز کے لیے آگاہی کے اقدامات کرنے چاہئیں ہم ان ضروری کوششوں کے لیے 26 سال سے کام کر رہے ہیں۔معروف مذہبی اسکالر ڈاکٹر عمر ریاض عباسی نے کہا کہ کشمیر انسانیت کا مسئلہ ہے اور اسلام کبھی بھی تشدد پر یقین نہیں رکھتا یہ امن کا مذہب ہے۔

محمد طلحہ زبیر یوتھ کوآرڈینیٹر انسپاڈ نے اس بات پر زور دیا کہ کشمیری آزاد لوگ ہیں اور وہ سخت محاصرے میں ہیں ، اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق وہاں حق خود ارادیت اور اپنی سیاسی ، معاشی اور ثقافتی اقدار کو استعمال کرنے کا قانونی حق حاصل ہے۔ کلیری بڈویل کو انسپاڈ اور کے این این کی طرف سے دفاع امن ایوارڈز پیش کئے گے۔

امن کے لئے خدمات انجام دینے پر انسپاڈ کے صدر ڈاکٹر سردار محمد طاہر تبسم اور کشور عقیل نے نمایاں شخصیات شیراز خان ، ڈاکٹر خلیل اے خان ، ڈاکٹر عمر ریاض عباسی ، عطیہ کلثوم دانش ایڈووکیٹ ، کرنل (ر) محبت علی ، فتح نجیب بھٹی ، عبدالروف ایڈووکیٹ ، ڈاکٹر سید مجاہد گیلانی کو سفیر امن کے سرٹیفیکیٹس پیش کئے۔