دنیا کے ترقی یافتہ معاشروں میں خواتین کا کردار کلیدی اہمیت کا حامل ہے، راجہ پرویز اشرف کا ویمن پارلیمانی کاکس سے خطاب

83
ویمن پارلیمانی
دنیا کے ترقی یافتہ معاشروں میں خواتین کا کردار کلیدی اہمیت کا حامل ہے، راجہ پرویز اشرف کا ویمن پارلیمانی کاکس سے خطاب

اسلام آباد۔7اگست (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ دنیا کے ترقی یافتہ معاشروں میں خواتین کا کردار کلیدی اہمیت کا حامل ہے، زندگی کے تمام شعبوں میں خواتین نے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے،خواتین کی شمولیت کے بغیر کوئی بھی معاشرہ ترقی نہیں کر سکتا۔ پیر کو ویمن پارلیمانی کاکس کے زیر اہتمام پریس کلب اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے خواتین کو وزیراعظم، سپیکر اور ڈپٹی سپیکر بنانے کا اعزاز بخشا ہے، ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لئے خواتین اور مردوں کو ایک دوسرے کے شانہ بشانہ کام کرنا ہو گا، صحافت ریاست کا چوتھا ستون ہے، صحافت اور پارلیمان کا چولی دامن کا ساتھ ہے

جس کے بغیر پارلیمان مکمل نہیں ہوتا،پارلیمان کی پریس گیلری ایوان کی کارروائی کو عوام تک پہنچانے میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہے۔ راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ میری سیاسی تربیت بھی ایک خاتون لیڈر نے کی ہے، خواتین کو ہر شعبے میں برابر نمائندگی دے کر ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین اراکین نے قانون سازی میں سب سے زیادہ حصہ کیا ہے، سپیکر قومی اسمبلی ہماری خواتین اراکین پارلیمنٹ نے ایوان میں سو فیصد حاضری کو یقینی بنایا،پاکستان پیپلز پارٹی نے خواتین کو وزیراعظم، سپیکر اور ڈپٹی سپیکر بنانے کا اعزاز بخشا ہے،

قومی اسمبلی ویمن کاکس میں سیکرٹری شاہدہ رحمانی کی خدمات قابل ستائش ہیں۔ راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ سیاست میں رواداری اور مفاہمت کا دامن نہیں چھوڑنا چاہئے، سیاست میں تعصب اور ضد سے بالا تر ہو کر چلنا پڑتا ہے، پارلیمان اور عوام کے درمیان رابطوں کا فروغ ضروری ہے،گزشتہ 13 ماہ میں قومی اسمبلی کو عوام کے لئے کھلا رکھا رہا ہے۔ اس موقع پر ویمن پارلیمانی کاکس کی سیکرٹری شاہدہ رحمانی نے پارلیمانی کاکس سے متعلق اجلاس کو آگاہ کیا۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے سابق دور حکومت میں وویمن پارلیمانی کاکس کا قیام عمل میں لایا گیا۔

سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے ویمن پارلیمانی کاکس کے لئے گراں قدر تعاون کیا ہے، ویمن کاکس میں سب نے بطور ٹیم ورک مل کر کام کیا ہے، پاکستان میں خواتین کے مسائل بہت گھمبیر ہیں،ہم نے مل کر کوشش کی ہے کہ خواتین کو درپیش مسائل کو کم کیا جائے۔ صدر پی ایف یو جے افضل بٹ نےتقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ راجہ پرویز اشرف نے بطور سپیکر ایک تاریخ ساز اسمبلی کو چلایا ہے، پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار پارلیمنٹ اپنے پاؤں پر کھڑی نظر آئی ہے، راجہ پرویز اشرف نے ایک حقیقی جمہوری اسپیکر ہونے کا ثبوت دیا ہے،پارلیمنٹ کو مضبوط بنانا کسٹوڈین آف دی ہاؤس کا کام ہوتا ہے، راجہ پرویز اشرف نے پارلیمنٹ کی طاقت کو باور کروا کر جمہوریت کو مضبوط کیا ہے۔