دنیابھر میں کورونا وائرس کی وبا سے34 لاکھ87 ہزار اموات، متاثرین کی تعداد16 کروڑ 79 لاکھ سے متجاوز

62

واشنگٹن، نئی دہلی، ریوڈی جنیرو ۔25مئی (اے پی پی):بھارت، امریکا اور برازیل سمیت دنیا بھر میں کورونا وائرس کی وبا سے اموات اور مریضوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہورہاہے، بھارت میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے ایک لاکھ96 ہزار سے زائد نئے کیس رپورٹ ہوئے ہیں، اس دوران مختلف ملکوں میں مہلک وائرس سے اموات کی تعداد34لاکھ87 ہزار تک پہنچ گئی جبکہ متاثرین کی تعداد16کروڑ79لاکھ سے تجاوز کرگئی ہے۔

منگل کوامریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق دنیا کے مختلف ممالک میں کورونا وائرس کے مصدقہ متاثرین کی تعداد167996661ہے، وائرس سے متاثرہ ملکوں میں اب تک3487480 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔ دنیا بھر میں کوروناکے فعال متاثرین کی تعداد15080303ہے، کورونا وائرس کی وبا سے امریکا سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے، ملک میں کورونا وائرس کے باعث اب تک مجموعی ہلاکتوں کی تعداد دنیا میں کسی بھی ملک میں سب سے زیادہ ہے۔

برازیل کورونا وائرس سے ہونے والی ہلاکتوں کے لحاظ سے دوسرے اور مریضوں کے حوالے سے تیسرے نمبر پر ہے جبکہ بھارت کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد کے اعتبار سے دوسرا اور میکسیکو ہلاکتوں کے اعدادوشمار سے تیسرا شدید متاثرہ ملک ہے۔امریکا میں کورونا وائرس کی وبا سے متاثرہ افراد کی تعداد3 کروڑ39 لاکھ22 ہزار سے زیادہ ہے۔

امریکا میں کورونا وائرس کے مریضوں کی مجموعی تعداد33922937 اور5754591 فعال متاثرین ہیں۔ حکام کے مطابق ملک میں مہلک وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے، امریکہ میں کورونا وائرس کی وبا سے اب تک604416 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔

امریکا میں کورونا وائرس سے متاثرہ27563930 سے زائد افراد صحتیاب ہوچکے ہیں۔ امریکا میں لوگوں کو مہلک کورونا وائرس سے بچانے کیلئے اب تک 28کروڑ57 لاکھ سے زائد خوراکیں دی جاچکی ہیں۔ ادھر لاطینی امریکا کے ملک برازیل میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد4 لاکھ 50 ہزار سے بڑھ گئی ہے جبکہ ملک بھر میں مریضوں کی تعداد ایک کروڑ61لاکھ21 ہزار سے زیادہ ہے، برازیل میں نئے کیسز کے بعد متاثرین کی تعداد بڑھ کر16121136ہوگئی ہے۔

برازیل میں کورونا وائرس کی وبا سے ہلاکتوں کی مجموعی تعداد450026 ہے جبکہ مختلف علاقوں میں اس وقت کورونا وائرس کے1119086 فعال مریض ہیں۔ برازیل کی وزارت صحت کے اعداد و شمار کے مطابق ملک میں اب تک14552024سے زائد کورونا مریض صحت یاب ہوئے ہیں۔ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں790 افراد کورونا سے ہلاک ہوئے اور اس دوران 37498 افراد میں وائرس کی نشاندہی ہوئی ہے۔ بھارت میں مہلک کورونا وائرس کے ایک لاکھ96 ہزار سے زائد نئے کیسز سامنے آئے ہیں جبکہ مزید3 ہزار

5 سو سے زیادہ ہلاکتیں ہوئی ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں مزید 196427 افراد میں مہلک کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے، بھارتی وزارت صحت کے مطابق اس دوران کورونا وائرس میں مبتلا 3511 افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے جس سے مہلک وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 307249 ہوگئی۔ بھارت کی مختلف ریاستوں میں کورونا وائرس متاثرین کی تعداد2 کروڑ 69 لاکھ 47 ہزار تک پہنچ گئی ہے۔

حکام کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران دارالحکومت نئی دہلی سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں مزید196427 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے، ملک میں کورونا وائرس کے فعال کیسز کی تعداد2592487 ہے۔ بھارت بھر میں اب تک کورونا وائرس کا شکار24047760 افراد صحتیاب ہوچکے ہیں۔یہ امر قابل ذکر ہے کہ جن ممالک میں کورونا وائرس سے زیادہ ہلاکتیں ہوئی ہیں ان میں امریکہ، برازیل، بھارت، میکسیکو، فرانس، اٹلی، روس اور برطانیہ شامل ہیں۔