اسلام آباد۔22جنوری (اے پی پی):نگران وفاقی وزیر صحت ڈاکٹر ندیم جان نے 2 خام مال مینوفیکچرنگ یونٹس کا سنگ بنیاد رکھ کر قوم سے کیا گیا ایک اور وعدہ پورا کردیا ۔ یہ یونٹس 6 ماہ کے اندر ایکٹیو فارما سوٹیکل اجزاء کی پیداوار شروع کریں گے جس سے پاکستان میں فارما پارک کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ وزارتِ قومی صحت کا چارج سنبھالا تو خود سے عہد کیا تھا کہ ادویات کی فراہمی کیلئے فارما پارک کا قیام ہر صورت یقینی بناؤں گا اور اس مقصد کیلئے ہر ممکن کوشش کی، آج الحمداللہ اپنے ہاتھوں سے یہ کام سرانجام دیا جس کی مجھے بے حد خوشی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مینوفیکچرنگ یونٹس کے قیام سے دوائیں بنانے کیلئے ضروری اجزاء کی مقامی پیداوار میں اضافہ ہو گا جس سے نہ صرف ملکی ضروریات پوری ہوں گی بلکہ برآمدات میں بھی اضافہ ہوگا، منصوبہ شعبہ صحت کو خود انحصاری کی طرف گامزن کرے گا۔