لاہور۔27جولائی (اے پی پی):صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمی بخاری نے کہا ہے کہ دو سال سے جو بہروپیا کہہ رہا تھا میں قوم کی جنگ لڑ رہا ہوں آج وہ پائوں پکڑ رہا ہے، فوجی تنصیبات پر حملے کروا کر، شہدا کے مجسمے جلا کر اپنے وقت کا فرعون معافیاں مانگ رہا ہے۔
اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ محبت کی پینگیں بڑھانا اور معافی کے پیغامات کو عمران خان کی زبان میں این آر او کہتے ہیں، کل تک نیوٹرل ہونا جانور اور گالی تھا، آج ان کو دوبارہ نیوٹرل ہونے کا کہہ رہا ہے جس نے آج تک 9مئی کے حملوں کی مذمت نہیں کی وہ جیل سے نکلنے کے لیے پینترے بدل رہا ہے۔ صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ درجن بھر ناکام تحریکیں ، فلاپ بیانیے اور روزانہ کے کٹھ پتلی شو کے بعد سرنڈر کرنا ہی بنتا تھا، کچھ دانشوروں کو بھی معلوم ہو گیا ہے کہ یہ جیل سے نکلنے کے لیے ہاتھ پائوں مار رہا تھا۔انہوں نے کہا کہ9مئی کے ماسٹر مائنڈ اور اس کے سہولت کاروں کو کوئی معافی نہیں ملنی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام منتظر ہیں 9مئی کے حملوں میں ملوث نامزد ملزمان کو عدالتی نظام کب کیفر کردار تک پہنچاتا ہے، شہدا کے مجسمے جلانے والے اور ان کا تمسخر اڑانے والے کسی رحم اور معافی کے مستحق نہیں ہیں۔ عظمی بخاری نے کہا کہ جن شہدا کے مجسمے جلائے گئے انکے لواحقین آج بھی نظام عدل کی طرف دیکھ رہے ہیں۔