دو ہزار پانچ کے زلزلہ کے بعد جنوبی کوریا سمیت دنیا کے مختلف ممالک نے آزادکشمیر میں زلزلہ متاثرین کےلئے ریلیف اور بحالی میں جو کردار ادا کیا وہ ناقابل فراموش ہے، صدر آزاد جموں وکشمیر

54

اسلام آباد ۔ 18 مارچ (اے پی پی)آزاد جموں وکشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ2005ءکے زلزلہ کے بعد جنوبی کوریا سمیت دنیا کے مختلف ممالک نے آزادکشمیر میں زلزلہ متاثرین کے لئے ریلیف اور بحالی میں جو کردار ادا کیا وہ ناقابل فراموش ہے۔ یہ بات انہوں نے جنوبی کوریا سے تعلق رکھنے والے پروفیسر ڈاکٹر ینگ سک چنگ سے کشمیر ہاﺅس اسلام آباد میں ملاقات کے دوران بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ ڈاکٹر چنگ نے صدر آزادکشمیر کو بتایا کہ وہ 2005ءکے زلزلہ کے بعد اب تک آزادکشمیر میں لوگوں کو اور مختلف منصوبوں میں کام کرنے والے کوریائی باشندوں کو طبی سہولتیں مہیا کرنے کے لئے خدمات انجام دے رہے ہیں اور اب وہ مظفرآباد میں ایک جدید ہسپتال بھی قائم کر رہے ہیں جہاں مقامی لوگوں کو صحت کی جدید سہولیات دستیاب ہوں گی۔ صدر سردار مسعود خان نے ڈاکٹر چنگ کی خدمات کی تعریف کرتے ہوئے انہیں یقین دلایا کہ حکومت ان کے ساتھ ہر قسم کا تعاون کرے گی۔ انہوں نے پترینڈ، نیو بانگ اور گل پور جیسے توانائی کے منصوبوںکی تکمیل میں کوریا کی حکومت کے تعاون کا بھی بھرپور خیرمقدم کیا۔