28.8 C
Islamabad
بدھ, اپریل 16, 2025
ہومتازہ تریندورہ پاکستان نہایت کامیاب اور مفید رہا ،دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط...

دورہ پاکستان نہایت کامیاب اور مفید رہا ،دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے خواہاں ہیں ، امریکی ارکان کانگریس

- Advertisement -

اسلام آباد۔14اپریل (اے پی پی):پاکستان کا دورہ کرنے والے امریکی ارکان کانگریس کے وفد نے اپنے دورہ کو نہایت کامیاب اور مفید قرار دیتے ہوئے مستقبل میں پاکستان اور امریکہ کے درمیان مضبوط تعلقات کی امید کا اظہار کیا ہے۔ اپنے دورے کے دوران امریکی قانون سازوں نے پاکستان کی اعلیٰ سیاسی اور عسکری قیادت سے ملاقاتیں کیں جو ان کے مطابق دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں معاون ثابت ہوں گی۔

پیر کو اپنے دورے کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی رکن کانگریس جیک برگمین نے پاکستان- امریکہ تعلقات کی سٹریٹجک اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ہماری شراکت داری کی اہمیت ناقابل تردید ہے ۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ بڑھتے ہوئے تعاون کے مثبت اثرات صرف پاکستان اور امریکہ تک ہی محدود نہیں رہیں گے بلکہ دنیا کے دیگر ترقی پذیر خطوں تک بھی پھیلیں گے۔

- Advertisement -

برگمین نے کہا کہ ہم مخصوص شعبوں میں کام کر رہے ہیں اور شراکت داری کو فروغ دے رہے ہیں۔ ایک ایسا ہی اہم شعبہ معدنی ترقی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ تعاون مضبوط صنعتوں کی بنیاد رکھے گا جس سے نہ صرف پاکستان بلکہ عالمی معیشت کو فائدہ ہو سکتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ کان کنی کی نئی ٹیکنالوجیز اور جدید مصنوعات مستقبل کی صنعتی ترقی کے لیے ضروری ہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ اقدار پر زور دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمارے تعلقات اہم ہیں کیونکہ دونوں قومیں آزادی کے اصولوں پر یقین رکھتی ہیں۔ رکن کانگریس تھامس رچرڈ سوزی نے اپنے تبصرے کا آغاز پرتپاک "السلام علیکم” سے کیا اور پاکستانی عوام کی مہمان نوازی پر شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ یہ دورہ شاندار رہا ہے۔انہوں نے امریکہ میں مقیم پاکستانیوں کے کردار کو تسلیم کرتے ہوئے دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنیادوں پر استوار کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم پاکستانی تارکین وطن کو سفیر کے طور پر دیکھتے ہیں جنہوں نے امریکی سرزمین پر شاندار کردار کا مظاہرہ کیا ہے۔ انہوں نے پاکستانیوں کو محنتی، تعلیم یافتہ اور خاندان پر مبنی افراد کے طور پر سراہا، اور دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی سلامتی کو فروغ دینے اور اقتصادی سرگرمیوں کو بڑھانے کے لیے مشترکہ کوششوں کی اہمیت پر زور دیا۔رکن کانگریس جوناتھن لوتھر جیکسن نے بھی اس دورے کو سراہتے ہوئے کہا کہ میں نے پاکستان میں ایمان، اتحاد اور نظم و ضبط کے جذبے کا مشاہدہ کیا۔

انہوں نے اس دورے کو مشترکہ تاریخ اور باہمی اعتماد پر مبنی تعلقات کو مضبوط کرنے کا منفرد موقع قرار دیا اور کہا کہ میں پختہ یقین رکھتا ہوں کہ پاکستان کا مستقبل بہت روشن ہے۔جیکسن نے مزید کہا کہ انہوں نے مذہبی مقامات کا دورہ بھی کیا اور پاکستان میں اعلیٰ قیادت سے ملاقات کی۔ انہوں نے تعلقات کو گہرا کرنے، تعاون کو وسعت دینے اور پاکستان کی ترقی کی حمایت کرنے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=582015

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں