کوئٹہ۔ 15 دسمبر (اے پی پی):تحصیلدار گوادر چنگیز بلوچ نے لیویز فورس کے ہمراہ کوسٹ گارڈز سے جاوید کمپلیکس تک تمام سبزی و فروٹ فروشوں، مرغی اور گوشت کے سٹالز، اور دیگر اشیائے خورونوش کی دکانوں کا تفصیلی دورہ کیا۔اس موقع پر تحصیلدار چنگیز بلوچ نے انتظامیہ کی جانب سے فراہم کردہ نرخنامے کی جانچ کی اور دکانوں کی صفائی کا بھی بغور جائزہ لیا۔
انہوں نے دکانداروں کو ہدایت کی کہ وہ اشیائے خورونوش کی صفائی کا خاص خیال رکھیں تاکہ عوام کو معیاری اور صاف ستھری اشیائے خورونوش فراہم کی جا سکیں۔ انہوں نے دکانداروں کو متنبہ کیا کہ نرخنامے کی خلاف ورزی یا صفائی کے ناقص انتظامات کی صورت میں سخت کارروائی کی جائے گی، جس میں بھاری جرمانے اور دیگر سزائیں شامل ہوں گی۔اس کارروائی کے دوران، تحصیلدار نے دکانداروں کو عوامی خدمت کے جذبے کے تحت بہترین معیار کی اشیاء فراہم کرنے کی تلقین کی۔
انہوں نے کہا کہ انتظامیہ عوامی صحت اور سہولت کو یقینی بنانے کے لیے کوئی کسر نہیں چھوڑے گی۔عوام نے انتظامیہ کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے اس کی تعریف کی اور امید ظاہر کی کہ ان اقدامات سے بازاروں میں اشیاکے معیار اور قیمتوں میں توازن قائم ہوگا۔
شہریوں نے کہا کہ ایسی کارروائیاں نہ صرف عوامی اعتماد میں اضافہ کرتی ہیں بلکہ غیر معیاری اشیاکی فروخت اور من مانی قیمتوں کے سدباب میں بھی مؤثر ثابت ہوتی ہیں۔