دھان کے کاشتکارجراثیمی جھلساؤ کے کنٹرول کیلئے محکمہ زراعت کے سفارش کردہ زرعی زہروں کا سپرے کریں،ڈاکٹر مقصود احمد

175
paddy
paddy

سیالکوٹ۔13ستمبر (اے پی پی):اسسٹنٹ ڈائریکٹر پیسٹ وارننگ و کوالٹی کنٹرول محکمہ زراعت (پلانٹ پروٹیکشن)سیالکوٹ ڈاکٹر مقصود احمد نے کہا ہے کہ دھان کے جراثیمی جھلساؤ کاحملہ مشاہدہ میں آیا ہے۔ دھان کے کاشتکارجراثیمی جھلساؤ کے کنٹرول کیلئے محکمہ زراعت کے مقامی ماہرین کی سفارش کردہ زرعی زہروں کا سپرے کریں۔اسسٹنٹ ڈائریکٹر پیسٹ وارننگ و کوالٹی کنٹرول نےکہا کہ جراثیمی جھلساؤ کا حملہ پتے کی نوک اور کناروں سے شروع ہو کر لمبائی اور چوڑائی میں بڑھتا ہے۔

اس کے حملہ کے دوران پتوں پر بیماری کی علامات سفید نمدار دھاری کی شکل میں ظاہر ہوتی ہیں اور بعد میں پتے کا بیمار حصہ سوکھ کر سفید ہو جاتا ہے اور پتہ اوپر کی طرف لپٹ جاتا ہے۔شروع میں اس کا حملہ ٹکڑیوں پر ہوتا ہے جو سازگار موسمی حالات میں بڑھ کر پوری فصل کو اپنی لپیٹ میں لے لیتا ہے۔ اس بیماری میں فصل دور سے جھلسی ہوئی نظر آتی ہے۔اس بیماری کا حملہ نظر آتے ہی محکمہ زراعت پنجاب کے مقامی ماہرین کی سفارش کردہ زرعی زہروں کا سپرے کریں۔

بیماری والے کھیت سے پانی دوسرے کھیت میں منتقل نہ کریں۔پانی کی سطح ایک تا دو انچ سے زیادہ نہ ہونے دیں۔ اس کے علاوہ دھان کے کیڑوں بالخصوص پتہ لپیٹ سنڈی کا بروقت موثر تدارک کریں۔دھان کی فصل پر سپرے سے قبل وقفہ قبل از برداشت پی ایچ آئی محکمہ زراعت کے مقامی ماہرین کے مشورہ سے نوٹ کر لیں اور تمام سپرے اس کو مدِ نظر رکھتے ہوئے کریں۔