دھیرکوٹ کے عوام کی محبت اور جذبے نے ہمیں بہت متاثر کیا اور ہمارے دل کو خوش کر دیا،26 جولائی کا سورج تبدیلی، ترقی اور خوشحالی کی نوید لے کر طلوع ہوگا، وفاقی وزیر برائے مواصلات مراد سعید

46

دھیرکوٹ/اسلام آباد۔14جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے مواصلات مراد سعید نے کہا ہے کہ دھیرکوٹ کے عوام کی محبت اور جذبے نے ہمیں بہت متاثر کیا اور ہمارے دل کو خوش کر دیا، 25 تاریخ کو پاکستان تحریک انصاف بھاری اکثریت سے کامیاب ہوگی، 26 جولائی کا سورج تبدیلی، ترقی اور خوشحالی کی نوید لے کر طلوع ہوگا، آزاد کشمیر کے الیکشن میں دھاندلی کا شور مچایا جا رہا ہے، آزاد کشمیر کے الیکشن میں دھاندلی نہیں مسلم لیگ (ن) کی ناقص کارکردگی ہی ان کی شکست کی وجہ بنے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے دھیرکوٹ آزاد کشمیر میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ دھیر کوٹ کے عوام اب ایک ایسا حلقہ جیتنے جا رہے ہیں جس میں گزشتہ 73 سال میں پہلی مرتبہ پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار کامیاب ہونے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کہتی ہے کہ ہم نے بہت سڑکیں بنائی ہیں، کیا آزاد کشمیر میں سڑکوں کی حالت بہتر ہوئی؟ کیا یہاں کے عوام کی صحت کی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے کوئی ہسپتال بنایا گیا اور کیا یہاں پر غربت کے خاتمہ کے لئے کوئی اقدامات اٹھائے گئے؟۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن شور مچا رہی ہے کہ آزاد کشمیر کے الیکشن میں دھاندلی ہو گی، میں کہتا ہوں کہ آزاد کشمیر کے الیکشن میں دھاندلی نہیں ہو رہی بلکہ آپ کی ناقص کارکردگی ہی آپ کی شکست کی وجہ بنے گی۔ انہوں نے کہا کہ اگر پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) نے آزاد کشمیر میں حکومتیں کیں لیکن یہاں کے عوام کی فلاح و بہبود کے لئے کوئی خاطر خواہ اقدامات نہیں اٹھائے، یہاں کے عوام کی صحت، تعلیم، پانی، سڑکوں، گلی محلوں کے ایشوز کے حل اور غربت کے خاتمہ کے لئے کوئی اقدامات نہیں اٹھائے تو پھر کیوں شور مچا رہے ہیں کہ دھاندلی ہو رہی ہے۔

وفاقی وزیر مراد سعید نے کہا کہ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کو 25 تاریخ کو ہونے والے الیکشن میں اپنی گزشتہ کارکردگی اور عوام کا فیصلہ سامنے دکھائی دے رہا ہے، اسی لئے یہ لوگ دھاندلی کا واویلا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب 2018ء میں پاکستان تحریک انصاف الیکشن لڑ رہی تھی تو اس سے پہلے پی ٹی آئی کو وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں صرف ایک صوبے میں حکومت کرنے کا موقع ملا تھا، صوبہ خیبرپختونخوا میں پاکستان تحریک انصاف نے پولیس کے نظام کو 5 سال کے قلیل عرصے میں ماڈل پولیس بنا دیا، اس کے علاوہ صحت کے میدان میں خیبرپختونخوا پاکستان کا وہ پہلا صوبہ تھا جہاں پر مفت اور بہترین علاج کی سہولت کے لئے صحت انصاف کارڈ دیا گیا، ہم نے پورے آزاد کشمیر کے عوام کے لئے بھی صحت انصاف کارڈ کے اجراء کا اعلان کیا تاکہ ملک کے کسی بھی بڑے سرکاری یا پرائیویٹ ہسپتال میں آپ کا مفت علاج ہو سکے اور ہم یہاں آزاد کشمیر میں ہسپتال بھی بنائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف نے غربت کے خاتمہ کے لئے احساس پروگرام شروع کیا، ملک کے غریب مزدور اور دیہاڑی دار طبقہ جو ملک کے دور دراز علاقوں سے روزگار کے لئے بڑے شہروں میں آتے ہیں ان کو رہائش کا مسئلہ ہوتا تھا، ہم نے ان کو پناہ گاہ کے ذریعے ریاست کا مہمان بنا دیا۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر ایک بہت خوبصورت علاقہ ہے، یہاں پر آج کسی نے سیاحت کے فروغ کے لئے کوئی اقدامات نہیں اٹھائے، ہم یہاں پر انفراسٹرکچر بہتر بنا کر سیاحت کو فروغ دیں گے، اس طرح جب لوگ یہاں پر آئیں گے تو مقامی لوگوں کا کاروبار چلے گا، خوشحالی آئے گی اور علاقہ ترقی کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ آج سے پہلے پاکستان کے کسی وزیراعظم نے نہیں کہا کہ میں کشمیر کا سفیر بنوں گا، وزیراعظم عمران خان نے عملی طور پر خود کو کشمیر کا سفیر بن کر دکھایا اور کشمیر کاز کو بین الاقوامی دنیا کے ہر فورم پر بہتر انداز میں اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام باشعور ہیں، 25 تاریخ کو پاکستان تحریک انصاف بھاری اکثریت سے کامیاب ہوگی اور ہم اس علاقے کی محرومیوں کو دور کر کے عوام کی ترقی و خوشحالی کے بھرپور اقدامات اٹھائیں گے، 26 جولائی کا سورج تبدیلی، ترقی اور خوشحالی کی نوید لے کر طلوع ہوگا۔