اسلام آباد۔6جنوری (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ دہشت گرد اور شر پسند عناصر کسی قیمت پاکستانی عوام کے حوصلے پست نہیں کر سکتے، ہم وطنِ عزیز کی حفاظت کی خاطر کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے، حالیہ دہشت گردی کی لہر کے تدارک کیلئے تمام وفاقی و صوبائی ادارے اپنے مابین تعاون بڑھائیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو ملک میں سیکیورٹی کی صورتحال پر جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں وزیرِ داخلہ رانا ثناء اللہ خان، مشیرِ وزیرِ اعظم احد چیمہ، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے سربراہان اور تمام صوبوں کے چیف سیکرٹریز اور آئی جیز نے شرکت کی۔
اجلاس میں وزیرِ داخلہ اور سیکرٹری داخلہ نے ملک کی مجموعی صورتحال پر بریفنگ دی، چاروں صوبوں کے آئی جیز اور چیف سیکرٹریز نے وزیرِ اعظم کو حالیہ دہشت گردی کے واقعات پر تفصیلی بریفنگ دی اور امن و امان کے نفاذ کیلئے اقدامات سے آگاہ کیا۔
اجلاس میں وزیرِ داخلہ اور آئی جی اسلام آباد نے وزیرِ اعظم کا اسلام آباد پولیس کی تنخواہوں میں اضافے اور ایف سی کے راشن الاؤنس کو بڑھا کر باقی تمام فورسز کے برابر کرنے پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اس سے اسلام آباد پولیس کا مورال بلند ہوا ہے۔ وزیرِ اعظم نے نیشنل کوارڈینیٹر نیکٹا کو ہدایت کی کہ دہشت گردی کی مکمل روک تھام کیلئے صوبائی سی ٹی ڈیز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ روابط کو مزید فعال بنائیں۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ وزیرِ داخلہ، سیکرٹری داخلہ اور نیشنل کوارڈینیٹر نیکٹا صوبوں میں جا کر اس حوالے سے تفصیلی مشاورت کریں اور جامع لائحہ عمل مرتب کرکے پیش کریں۔ وزیراعظم نے کہا کہ صوبائی اپیکس کمیٹیاں اپنے اجلاس باقاعدگی سے منعقد کریں اور اداروں کے مابین تعاون سے دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں۔