کوئٹہ۔ 26 اگست (اے پی پی):پاکستان پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی نوابزادہ جمال خان ریسانی نے موسیٰ خیل میں بسوں وگاڑیوں سے مسافروں کو اتار کر شہید کرنے والے دردناک سانحے اور صوبے کے دیگر علاقوں میں ہونے والے دہشتگردی کے واقعات کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردانہ واقعات کو ہماری سکیورٹی فورسز نے بڑی حد تک ناکام بنایا ہے۔
پیر کو اپنے بیان میں پاکستان پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی نوابزادہ جمال خان ریسانی نے کہا کہ میں یہاں یہ بات واضع کرنا چاہتا ہوں کہ یہ تعصب دینا بالکل غلط ہے کہ بلوچستان کے لوگوں کو پنجاب کے لوگوں سے نفرت ہے۔ دراصل دہشتگردوں کا کوئی دین ایمان نہیں ہوتا اور یہ انسانیت کے دشمن ہیں۔ انھوں نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ ان دہشتگردوں کیخلاف ٹھوس اقدامات کیے جائیں اور انہیں ان کے انجام تک پہنچایا جائے۔