34.4 C
Islamabad
جمعرات, مئی 22, 2025
ہومقومی خبریںدہشتگردی ہر صورت ناکام ،قومی سلامتی پر سمجھوتہ نہیں کریں گے، معصوم...

دہشتگردی ہر صورت ناکام ،قومی سلامتی پر سمجھوتہ نہیں کریں گے، معصوم بچوں کی شہادت پرسب انتہائی افسردہ ہیں ،سینیٹڑ شیری رحمان

- Advertisement -

اسلام آباد۔22مئی (اے پی پی):پی پی پی کی رہنما سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ پاکستان کی سرزمین پر کسی بھی قسم کی دہشتگردی کو ہر صورت ناکام بنایا جائے گا اور قومی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، معصوم بچوں کی شہادت پر ہم سب انتہائی افسردہ اور غمزدہ ہیں ،یہ حملہ صرف خاندانوں پر نہیں بلکہ پوری قوم کے دل پر حملہ ہے۔جمعرات کو ایوان بالا کے اجلاس میں انہوں نے کہا کہ بھارت پاکستان میں دہشتگردی کے لیے بی ایل اے جیسے گروہوں کو تربیت اور اسلحہ فراہم کر رہا ہے، یہ ریاستی دہشتگردی کے زمرے میں آتا ہے جس پر ہم سینیٹ میں باقاعدہ قرارداد بھی منظور کریں گے۔

انہوں نے یاد دلایا کہ بے نظیر بھٹو بھی دہشتگردی کا نشانہ بنیں لہٰذا یہ مسئلہ کسی ایک جماعت یا علاقے کا نہیں بلکہ پوری قوم کا مسئلہ ہے۔ شیری رحمان نے واضح کیاکہ بلوچستان میں دہشتگردی کرنے والے سیاسی لوگ نہیں بلکہ ریاست دشمن عناصر ہیں، سیاسی اختلافات کو دہشتگردی کے ذریعے طے نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ معصوم سکول بچوں کو سکول جاتے ہوئے دہشت گردی کا نشانہ بنایا گیا جو ناقابل معافی جرم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف کئی آپریشنز کیے ہیں اور آج بھی یہ جنگ جاری ہے۔

- Advertisement -

سینیٹر شیری رحمان نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ ذمہ داری اور لچک کا مظاہرہ کیا لیکن دشمن کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا۔ انہوں نے یاد دلایا کہ کلبھوشن یادیو جیسے بھارتی جاسوس کو پاکستان نے رنگے ہاتھوں گرفتار کیا جو دہشتگردی کے نیٹ ورک کا حصہ تھا۔انہوں نے کہا کہ ہماری پارٹی کے کئی رہنما بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں دہشت گردی کا نشانہ بنے اور ہم نے محترمہ بے نظیر بھٹو جیسی قیادت کو بھی دہشتگردی میں کھویا ۔

سینیٹر شیری رحمان نے ایوان کو آگاہ کیا کہ پاکستان کے پاس بھارت کی مداخلت اور دہشتگردی کے شواہد موجود ہیں جبکہ بھارت آج تک کسی بھی الزام کے ثبوت فراہم نہیں کر سکا۔انہوں نے کہا کہ حالیہ 87 گھنٹے کی کشیدگی میں بھارت نے عام شہریوں کو نشانہ بنایا، جبکہ پاکستان نے صرف فوجی اہداف کو نشانہ بنا کر اپنی اخلاقی برتری کا ثبوت دیا۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کی سرزمین پر کسی بھی قسم کی دہشتگردی کو ہر صورت ناکام بنایا جائے گا اور قومی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=600060

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں