ایبٹ آباد۔ 25 جولائی (اے پی پی):سماجی رضاکاروں کی تنظیم شعور دی انیشیٹو، یوتھ ویلفیئر آفس ایبٹ آباد اور تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشن ایبٹ آباد کے اشتراک سے جبڑیاں کے مقام پر 200 سے زائد پودوں کی شجر کاری کی گئی۔ شعور- دی انیشیٹیو کا بنیادی مقصد ایبٹ آباد شہر کو صاف ستھرا رکھنا اور سرسبز و شاداب بنانا ہے۔
اس حوالہ سے شعور کی جانب سے مختلف مقامات پر نہ صرف آگاہی مہم کا انعقاد ہوتا ہے بلکہ عملی طور پر صفائی اور شجر کاری کی سرگرمیاں بھی انجام دی جاتی ہیں۔ شعور کی جانب سے آنے والے دنوں بالخصوص مون سون سیزن میں شجر کاری کی سرگرمیاں مختلف مقامات پر جاری رہیں گی اور انشاءاﷲ 10 ہزار پودے لگانے کا ہدف مکمل کیا جائے گا۔ آپ بھی شعور کے رضاکار بن سکتے ہیں یا پودے فراہم کر کے اپنا حصہ اس عظیم مقصد کے حصول میں شامل کر سکتے ہیں۔