دین کے آفاقی نظریے کو سمجھنے کے لئے سیرت نبویؐ کو سمجھنا ناگزیر ہے، وفاقی وزیر مذہبی امور انیق احمد کا وفاقی اردو یونیورسٹی میں سیرت چیئر کا افتتاح

83
Federal Minister for Religious Affairs Aneeq Ahmed
Federal Minister for Religious Affairs Aneeq Ahmed

اسلام آباد۔31جنوری (اے پی پی):وفاقی اردو یونیورسٹی میں سیرت چیئر کا افتتاح کر دیا گیا۔وفاقی وزیر مذہبی امور انیق احمد نے سیرت چیئر کا افتتاح کیا ۔ بدھ کو افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آرٹیفیشل انٹیلیجنس کے اس دور میں سیرت نبویؐ کو سمجھنا اور بھی زیادہ ضروری ہو گیا ہے۔

نئی نسل کو خرافات سے نکالنے کے لئے سیرت محمدیﷺ کو کلیہ بنانا پڑے گا،علم سیکولر نہیں ہوتا، خدا کو نکال دیا جائے تو علم علم نہیں رہتا، دین کے آفاقی نظریے کو سمجھنے کے لئے سیرت نبویؐ کو سمجھنا ناگزیر ہے، قرآن کو ہم تک پہنچانے والے کی سیرت کو سمجھے بغیر قرآن نہیں سمجھا جا سکتا۔ وائس چانسلر جامعہ اردو پروفیسر روبینہ مشتاق کا کہنا ہے ایچ ای سی کی منظوری سے قرآن و سنت کو تمام ڈیپارٹمنٹس میں لازمی مضمون کے طور پہ متعارف کرائیں گے۔

وفاقی اردو یونیورسٹی اسلام آباد کے شعبہ اسلامیات کے تحت سیرت چیئر کی افتتاحی تقریب بدھ کو منعقد ہوئی۔ اس موقع پر وفاقی اردو یونیورسٹی کی وائس چانسلر ڈاکٹر روبینہ مشتاق نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مغرب تہذیب ہماری نئی نسلوں کو خراب کر رہی ہے، کیوں نہ ہماری جامعات نئی نسل کی کردار سازی کریں، جامعہ اردو کی اکیڈمک کونسل نے سیرت و قرآن کو تمام شعبوں کے لیے منظور کیا ہے، ایچ ای سی سے منظوری کے بعد اسے لازمی سبجیکٹ کے طور پہ نافذ کریں گے۔

نمل کے صدر شعبہ اسلامیات پروفیسر ڈاکٹر مستفیض احمد نے بطور ایکسپرٹ خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیرت مصطفیٰ ﷺکو لوگوں کی انفرادی زندگی میں کس طرح لانا ہے اس کی ترکیب بتانی چاہیے، سیرت پڑھ کے لوگوں کے کردار بدل جائیں تو یہ کامیابی ہے، سیرت اپنانے کی چیز ہے، سیرت چیئر کو یہ ماڈل پیش کرنا چاہیے کہ سیرت مصطفیٰﷺ کتابوں سے نکل کر ہمارے دلوں اور ذہنوں میں گھر کر جائے۔

ڈائریکٹر سیرت چیئر و صدر شعبہ اسلامیات اردو یونیورسٹی ڈاکٹر عبد الرشید نے سیرت چیئر کے اغراض و مقاصد بیان کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی شعائر کی ترویج تعلیمی اداروں کی ذمہ داری ہے، سیرت نبوی کا مطالعہ ضروری ہے، ایک منشور کے تحت سیرت چیئر کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے۔ شیخ الجامعہ ڈاکٹر روبینہ مشتاق نے مہمان خصوصی وفاقی وزیر انیق احمد کو اعزازی شیلڈ پیش کی۔ انچارج کیمپس ڈاکٹر احتشام الحق پڈا نے مہمانوں کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔ سیرت چیئر کی افتتاحی تقریب میں جامعہ اردو کے اساتذہ، صدور شعبہ، انتظامی افسران اور طلبہ نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔