ذیلی پولیو مہم تمام صوبوں کے مخصوص اضلاع میں شروع ہوگئی ، والدین اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے ضرور پلوائیں،وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل

119
عبد القادر پٹیل

اسلام آباد۔15مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل نے کہا کہ ذیلی پولیو مہم پیر سے تمام صوبوں کے مخصوص اضلاع میں شروع ہوگئی ، والدین اپنے 5 سال سے کم عمر کے تمام بچوں کو پولیو کے حفاظتی قطرے ضرور پلوائیں،مہم کےدوران ملک کے مخصوص اضلاع میں 23 ملین سے زیادہ بچوں کو حفاظتی قطرے پلوائیں جائیں گے۔

وزارت صحت کی جانب سے جاری یبان کے مطابق وفاقی وزیر نے کہا کہ ذیلی پولیومہم دو مرحلوں میں چلائی جائے گی۔ پہلا مرحلہ 15 سے 19 مئی تک اسلام آباد سمیت پنجاب کے 12 اضلاع، بلوچستان کے 18 اضلاع اور سندھ کے 17 اضلاع میں منعقد کی جائے گی جبکہ دوسرے مرحلے میں مہم خیبرپختونخوا کے 22اضلاع میں 22 مئی سے 26 مئی تک ہوگی اور 29 مئی سے 5 جون تک جنوبی خیبرپختونخوا کے 07 اضلاع میں مہم ہوگی۔ تقریباً 100,000 سے زیادہ تربیت یافتہ صحت محافظ پولیو ورکرز گھر گھر جاکر پانچ سال تک کے بچوں کو حفاظتی قطرے پلائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ میں تمام والدین سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ مہم کے دوران ویکسین کے لئے اہل بچوں کی ویکسینیشن کو یقینی بنائیں تاکہ انہیں عمر بھر کی معذوری سے بچایا جا سکے۔ پولیو لاعلاج ہے، اور ویکسین ہی ہمارے بچوں کی حفاظت کر سکتی ہے۔ عبدالقادر پٹیل نے کہا کہ فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز ہمارے بچوں کو پولیو وائرس کے اثرات سے محفوظ رکھنے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

کئی چیلنجز کا سامنا کرنے کے باوجود وہ انتھک محنت کر رہے ہیں۔ وفاقی وزیر صحت نے مزید کہا کہ ہم ان کی انتھک کوششوں کی اہمیت کو تسلیم کرتے ہیں اور ایسے اقدامات کو انجام دینے پر غور کر رہے ہیں جو ان کی مشکلات کو کم کریں گے اور انہیں پولیو کے خاتمے کے ہدف کو حاصل کرنے کے لیے مزید حوصلہ افزائی کریں گے۔