رابطہ عالم اسلامی کی افغان دارالحکومت کابل میں پاکستانی سفارت خانے پر دہشت گردحملے کی مذمت

105

اسلام آباد۔5دسمبر (اے پی پی):رابطہ عالم اسلامی نے افغانستان کے دارالحکومت کابل میں پاکستان کے سفارت خانے پر دہشت گردحملے کی مذمت کی ہے۔

رابطہ عالم اسلامی کے جنرل سیکرٹریٹ سے جاری بیان میں سیکرٹری جنرل اور چیئرمین مسلم علماء کونسل شیخ ڈاکٹر محمد بن عبد الکریم العیسی نے اس بزدلانہ حملے کی مذمت کی ہے جس میں افغان دار الحکومت میں پاکستانی سفارت خانے کے ناظم الامور پر قاتلانہ حملے کی کوشش کی گئی۔

انہوں نے رابطہ اور تمام عالم اسلام کے اس موقف کا اعادہ کیا کہ ہم تشدد اور دہشت گردی کی تمام کاروائیوں کی مذمت کرتے ہیں چاہے اس کی جو بھی صورت اور اسباب ہوں۔

ڈاکٹر العیسی نے رابطہ عالم اسلامی،اس کی عالمی اکیڈمیز،ادارہ جات اور کونسلز کی جانب سے دہشت گردی اور پاکستان کی سلامتی اور استحکام کو خطرے میں ڈالنے والی ہر چیز کے مقابلے میں پاکستان اور اس کی عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیاہے۔

انہوں نے اللہ تعالی سے دعا کی کہ وہ پاکستان اور اس کے عوام کو ہر برائی اور نقصان سے محفوظ فرمائے اور دہشت گردی کے شر سے بچائے۔