راجہ فاروق حیدر خان کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

119

اسلام آباد ۔ 5 اکتوبر (اے پی پی) وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر راجہ فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ بھارت کا سرجیکل اسٹرائیک کے نام پرآزاد کشمیر میں آنے کا دعویٰ بے بنیاد اور جھوٹا ہے اور میں حلفیہ طور پر کہتا ہوںکہ بھارت کی طرف سے ایسی کوئی کاروائی نہیں ہوئی کیونکہ میں وہاں کچھ دن پہلے جلسہ بھی کر کے آیا ہوں وہاں فائرنگ کا تبادلہ ہوا ہے لیکن ہیلی کاپٹرز کے ذریعے ہماری طرف آنے کی بھارتی باتوں میں کوئی سچائی نہیں اور نہ ہی ایسا کچھ ہوا ہے، جونہی اس رات فائرنگ ہوئی ہمارے لوگ اپنے فوجی بھائیوں کے پاس دوڑ کر پہنچ گئے کہ شائد ہماری کوئی ضرورت ہو، ہمارے عوام بہت پرجوش ہےں اور کسی بھی بھارتی جارحیت کا جواب دینے کے لیے اپنی مسلح افواج کے ساتھ کھڑے ہےں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو ایک نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے پاس سرجیکل اسٹرائیک کے کوئی ثبوت ہیں تو وہ پیش کرے اس طرح آزاد کشمیر کے ایس پی کو جعلی فون کال کرنے کی کوئی ضرورت نہیں، بھارتی افواج کے اس جھوٹے اور بے بنیاد دعوے کی کوئی حقیقت نہیں اور اب وہ اپنے اس جھوٹ کو چھپانے کے لیے جھوٹی فلم بھی بنا رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ ہمارے عوام پرعزم ہےں اور پرجوش ہےں بھارت نے اگر کوئی ایسی ویسی حرکت کی اور لائن آف کنٹرول کراس کیا تو اسے پہلے بہادر عوام کا مقابلہ کرنا پڑے گا کیونکہ ہم اپنی فوج سے آگے جا کر لڑیں گے، ہم پیٹھ دکھانے والوں میں سے نہیں کیونکہ ہم نے 13جولائی 1931ءکو بھی سینوں پر ہی گولیاں کھائیں کسی ایک نے بھی پیٹھ پر گولی نہیں کھائی اور انشااللہ ہم یہ رسم ادا کرتے رہیں گے اور اسی مٹی میں دفن ہوں گے، ایک سوال کے جواب میں وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر کا کہنا تھا کہ کشمیری عوام تھکنے والے نہیں اور گذشتہ 70 سال سے اپنی پرامن تحریک آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں، ہم گذشتہ 70 سال تھکے نہیں جو آئندہ بھی مزید 70 سال تک تھکنے والے نہیں