اسلام آباد۔22مئی (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف سے وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے پیر کو پارلیمنٹ ہائوس میں ملاقات کی جس میں ملک کی مجموعی معاشی اور سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ سپیکر قومی اسمبلی نے معاشی استحکام کے لیے وزیر خزانہ اور ان کی ٹیم کی کوششوں کا سراہا اور کہا کہ معاشی استحکام کے لیے سیاسی استحکام ضروری ہے۔ملکی ترقی کے لیے معیشت کی مضبوطی ناگزیر ہے۔
موجودہ اتحادی حکومت کی جانب سے معاشی مشکلات کے باوجود پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی احسن اقدام ہے۔وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے سپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے موجودہ معاشی ٹیم کے لیے تعریفی کلمات پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ موجودہ حکومت کو معاشی مشکلات ورثے میں ملی ہیں۔
آئندہ مالی سال کے بجٹ میں عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے ہرممکن اقدامات اٹھائے جائیں گے۔موجودہ معاشی ٹیم ملکی معیشت کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے دن رات مصروف عمل ہے۔