راجہ پرویز اشرف کی سعودی عرب کے قومی دن کے موقع پر شاہ سلمان بن عبدالعزیز، ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور سعودی عرب کی عوام کو مبارکباد

116
Speaker National Assembly
Speaker National Assembly

اسلام آباد۔23ستمبر (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے سعودی عرب کے 93ویں قومی دن کے موقع پر خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز، ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان، شوریٰ کونسل کےچیئرمین ڈاکٹر عبد اللہ اور سعودی عرب کی عوام کو مبارکباد دی ہے۔

یہاں جاری بیان میں سپیکر نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات باہمی احترام اور اعتماد پر مبنی ہیں،دونوں برادر اسلامی ممالک نے ہمیشہ علاقائی اور بین الاقوامی فورم پر ایک دوسرے کے موقف کی حمایت کی ہے اور دونوں ممالک نے مشکل وقت میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے،دونوں برادر اسلامی ممالک کے عوام ایک دوسرے کے ساتھ مذہب، ثقافت، تاریخ اور بھائی چارے کے لازوال رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں۔

انہوں نے دونوں برادر اسلامی ممالک کی پارلیمانوں کے درمیان رابطوں کو مزید فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کی پارلیمانوں کے مابین رابطوں میں اضافے سے دو طرفہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے اور معاشی و سماجی تعاون کی نئی راہیں کھلیں گی۔