اسلام آباد/روم۔28جون (اے پی پی):وفاقی وزیر قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ پاکستان ایف اے او چیئرمین کے ساتھ مل کر زرعی ترقی اور موسمیاتی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے کام کرے گا ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اٹلی میں منعقدہ اقوامِ متحدہ کی خوراک و زراعت کی تنظیم (ایف اے او) کی اعلیٰ سطحی کانفرنس میں شرکت کے موقع پر کیا۔
وزارت قومی غذائی تحفظ و تحقیق کی جانب سے ہفتہ کو یہاں جاری پریس ریلیز کے مطابق کانفرنس کے دوران پاکستان نے ایف اے او کونسل کے نئے چیئرمین اور نائب چیئرز کے انتخاب میں بھرپور حصہ لیا۔ اس موقع پر رانا تنویر حسین نے کہا کہ پاکستان نئے چیئرمین کا خیرمقدم اور عالمی زرعی حکمرانی میں شراکت داری کو فروغ دے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایف اے او چیئرمین رکن ممالک میں مشاورت، اتفاقِ رائے اور شفاف فیصلوں کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔
رانا تنویر حسین نے کہا کہ پاکستان ایف اے او میں شراکت داری، اصلاحات اور رکن ممالک کے مفادات کے تحفظ کے لیے پُرعزم ہے ، ہم امید کرتے ہیں کہ نیا چیئرمین رکن ممالک کو ایک پلیٹ فارم پر متحد کرنے میں کردار ادا کرے گا۔ رانا تنویر حسین نے کہا کہ پاکستان ایف اے او چیئرمین کے ساتھ مل کر زرعی ترقی اور موسمیاتی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے کام کرے گا۔