راولپنڈی ، گیس سلنڈر دھماکہ اور کرنٹ لگنے کے واقعات ،دو افراد جاں بحق ،آٹھ زخمی

34

راولپنڈی ۔1جولائی (اے پی پی):راولپنڈی میں گیس سلنڈر دھماکہ اور کرنٹ لگنے کے واقعات میں دو افراد جاں بحق اور خواتین و بچوں سمیت آٹھ شہری زخمی ہوگئے ہیں۔ریسکیو ترجمان کے مطابق منگل کی صبح رینج روڈ کے ایک گھر میں گیس سلنڈر دھماکہ سے آگ بھڑک اٹھی جس کی زد میں آ کر خواتین اور بچوں سمیت سات افراد زخمی ہوئے۔زخمیوں میں 35 سالہ عتیقہ،36 سالہ جویریہ،04 سالہ حیا،06 سالہ فاطمہ،40 سالہ شیراز،04 سالہ عدنان اور 06 سالہ آئرہ شامل ہیں۔

امدادی ٹیموں نے بروقت پہنچ کر تمام زخمیوں کو ہولی فیملی ہسپتال منتقل کر دیا ہے ۔دریں اثناء ہائی کورٹ چوک بوستان خان روڈ پر انصر نامی وکیل مزدوروں کے ہمراہ اپنے دفتر کا سائن بورڈ لگا رہے تھے کہ بورڈ ہائی ولٹیج تاروں سے ٹکرا گیا اور کرنٹ لگنے سے دونوں مزدور موقع پر جان کی بازی ہار گئے جبکہ ایک زخمی نوجوان کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ۔راولپنڈی میں ہونے والے دونوں واقعات کے بعد متعلقہ تھانوں کی پولیس جائے وقوعہ پر پہنچی اور ابتدائی رپورٹ حاصل کر کے قانونی کارروائی مکمل کی۔