اسلام آباد۔16جولائی (اے پی پی):راولپنڈی اسلام آباد ایڈیٹرز کونسل کی 15روزہ شعری نشست کا اہتمام نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے لائبریری ہال میں منعقد کیا گیا جس کی نظامت کے فرائض ایڈیٹرز کونسل کے صدر اور نیشنل پریس کلب لائبریری کمیٹی کے چیئرمین سید فدا حسنین شیرازی نے انجام دیئے ۔
نیوز آئی کے تعاون سے سرائیکی کے نامور شاکر حسین کاشف (لیہ)کے زیرصدارت منعقدہ شعری نشست میں ممتاز شاعر، صحافی و کالم نگار نیئر سرحدی اور سینئر صحافی فوزیہ شاہد مہمانان خاص جبکہ شاعر اعزاز منظور سیال(کوٹ ادو)تھے۔ شعرا و شرکائے محفل میں سجاد لاکھا، فدا شیرازی، صدیق لغاری، امجد اشرف قریشی،عاصم چن ، فرحت فاطمہ ،
رانا ابرار خالد،خالد مجید ، ارشد صدیقی، صفدر ملک کئی اہم شخصیات شامل تھیں۔ یہ محفل شعروسخن دیر گئے تک جاری رہی جس میں شعراء کرام نے اپنی تازہ ترین اردو سرائیکی اور ہندکو غزلیں نذر حاضرین کیں۔محفل میں ہر ایک نے اپنے مخصوص اورمنفرد انداز سُخن سے سامعین سے بھرپور داد سمیٹی۔میر مجلس اور مہمانان خاص نے اس بات پر زور دیا کہ ایسی بامقصد شعری نشستیں جاری رہنی چاہیں تاکہ قوم میں علمی و ادبی ، سیاسی ، سماجی ، دینی اور معاشرتی شعور پیدا ہوسکے۔
شاعری کی زبان میں مسائل کی نشاندہی اور اُن کے حل کے حوالہ سے فہم و ادراک کو جلا بخشی جائے انہوں نے کہا کہ وقت کا اہم ترین تقاضا ہے کہ ہمارے ادیب اور صحافی وحدت ملی ، اتحاد و یگانگت ، امن و آشتی اور پیار و محبت سے رہنے کا درس عام کریں۔