راولپنڈی ۔6مئی (اے پی پی):سٹی پولیس آفیسر سید خالد ہمدانی کی سربراہی میں جرائم کی روک تھام اور امن وامان کے لئے راولپنڈی پولیس نے نیشنل ایکشن پلان کے تحت سرچ آپریشن کرتے ہوئے 300 سے زائد شہریوں کے کوائف درج کئے۔پولیس ترجمان کے مطابق منگل کو پوٹھوہار ڈویژن پولیس نے تھانہ سول لائنز اور نصیر آباد کے علاقوں ٹاہلی موہری اور ڈھوک مستقیم و گردونواح میں سرچ آپریشنز کیے۔
سرچ آپریشنز میں مقامی پولیس سمیت لیڈی پولیس، ایلیٹ فورس اوردیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے شرکت کی۔ سرچ آپریشنز کے دوران مجموعی طور پر 82 گھر، 53 دکانوں، 02 ہوٹل اور 193 اشخاص کے کوائف چیک کیے گئے۔ ایس پی پوٹھوہار کا کہنا ہے کہ سرچ آپریشنز کا مقصد جرائم پیشہ عناصر کی بیخ کنی کرنا ہے،نیشنل ایکشن پلان کے تحت سرچ آپریشنزکا سلسلہ جاری رہے گا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=593516