راولپنڈی۔19اپریل (اے پی پی):راولپنڈی میں انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں 9 مئی کے واقعات سے متعلق مقدمات کی سماعت ہوئی جس میں عدالت نے 11 مقدمات کی سماعت 26 اپریل تک ملتوی کر دی۔
سماعت انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے کی جبکہ بانی پی ٹی آئی اور دیگر ملزمان کے وکلاء عدالت میں پیش ہوئے۔ پراسیکیوٹر ظہیر شاہ نے دلائل دیئے۔ اس دوران 7 مقدمات کے چالان کی نقول ملزمان میں تقسیم کر دی گئیں۔ عدالت میں تھانہ صدر واہ، تھانہ ٹیکسلا، سول لائن، تھانہ صادق آباد اور تھانہ سٹی کے مقدمات شامل تھے۔
چالان کی نقول شیخ رشید احمد، عمر ایوب، کنول شوزب، زرتاج گل، عارف عباسی، میاں عمران حیات سمیت دیگر نامزد ملزمان میں تقسیم کی گئیں۔ عدالت نے واضح کیا کہ 11 مقدمات میں چالان کی نقول کی تقسیم کے بعد آئندہ سماعت پر ملزمان پر فرد جرم عائد کی جائے گی۔ یاد رہے کہ 9 مئی کے مقدمات میں بانی پی ٹی آئی، شاہ محمود قریشی، علی امین گنڈاپور، شبلی فراز، عمر ایوب سمیت پارٹی کی اعلیٰ قیادت اور متعدد کارکنان کو نامزد کیا گیا ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=584422