راولپنڈی۔19اپریل (اے پی پی):راولپنڈی میں انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے 26 نومبر کے مظاہروں سے متعلق مقدمات میں پی ٹی آئی سے تعلق رکھنے والے 15 افراد کی عبوری ضمانت منسوخ کر دی۔ عدالت نے یہ فیصلہ اس وقت سنایا جب ملزمان متعدد بار نوٹسز کے باوجود عدالت میں پیش نہ ہوئے۔
تفصیلات کے مطابق جن افراد کی ضمانت منسوخ ہوئی ہے ان میں صنم جاوید، مشعل یوسفزئی، راجہ بشارت، سمیع ابراہیم، جاوید کوثر، سیمابیہ طاہر، تیمور مسعود اور دیگر شامل ہیں۔ ان افراد کے خلاف راولپنڈی اور اٹک کے مختلف تھانوں میں مقدمات درج تھے۔
استغاثہ کے وکیل ظاہر شاہ نے ملزمان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواستوں کی مخالفت کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ ملزمان گزشتہ چار ماہ سے عدالتی نرمی کا غلط استعمال کر رہے ہیں، نہ صرف عدالت میں پیش ہونے سے گریز کر رہے ہیں بلکہ تفتیشی عمل میں بھی رکاوٹ ڈال رہے ہیں۔
عدالت نے قرار دیا کہ ملزمان نے قانونی تقاضے پورے نہیں کیے جس کی بنیاد پر ان کی عبوری ضمانت منسوخ کی جا رہی ہے۔ یہ مقدمات گزشتہ برس 26 نومبر کو ہونے والے مظاہروں سے متعلق ہیں جن میں مظاہرین پر انسداد دہشت گردی کے قوانین کے تحت الزامات عائد کیے گئے تھے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=584436