راولپنڈی میں چہلم شہدائے کربلا کے موقع پر انتظامیہ کی جانب سے سخت سیکورٹی انتظامات کئے گئے

82
راولپنڈی میں چہلم شہدائے کربلا کے موقع پر انتظامیہ کی جانب سے سخت سیکورٹی انتظامات کئے گئے

اسلام آباد۔7ستمبر (اے پی پی):راولپنڈی میں چہلم شہدائے کربلا کے موقع پر انتظامیہ کی جانب سے سخت سیکورٹی انتظامات کیے گئے۔کمشنر راولپنڈی ڈویژن لیاقت علی چٹھہ نے آر پی او راولپنڈی سید خرم علی’ ڈپٹی کمشنر راولپنڈی ڈاکٹر حسن وقار چیمہ اور سی پی او راولپنڈی خالد محمود ہمدانی کے ہمراہ چہلم شہدائے کربلا کے کے جلوسوں کے روٹس کا دورہ کیا۔ انہوں نے چہلم شہدائے کربلا کے موقع پر کیے گئے سکیو رٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ کمشنر راولپنڈی نے ایم سی آر کنٹرول روم کا بھی دورہ کیا۔

اس موقع پر کمشنر راولپنڈی نے ایم سی آر میں شہدائے کربلا کے چہلم کے حوالے سے انتظامات کا جائزہ لیا۔انہوں نےچہلم شہدائے کربلا کے جلوس روٹس کا سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے موثر نگرانی کے عمل کا جائزہ بھی لیا اور اطمینان کا اظہار کیا۔اس موقع پر کمشنر راولپنڈی کو چہلم کے موقع پر کیے جانے والے انتظامات کے حوالے سے بریفنگ بھی دی گئی۔ کمشنر راولپنڈی کا اس موقع پر کہنا تھا کہ چہلم کے موقع پر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں۔

سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے جلوسوں کے تمام روٹس کی مؤثر نگرانی کی جا رہی ہے۔ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے جلوس کے متعلقہ روٹس پر اپنے فرائض سر انجام دے رہے ہیں۔ ٹریفک مینجمنٹ پلان پر عمل کیا جا رہا ہے۔ بعد ازاں کمشنر راولپنڈی نے مدرسہ تعلیم القرآن راجہ بازار کا دورہ کیا اور علماء کرام سے ملاقات کی۔اس موقع پر کمشنر راولپنڈی کا کہنا تھا کہ علماء مذہبی ہم آہنگی اور اتحاد بین المسلمین کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔ انکا کہنا تھا کہ مذہبی ہم آہنگی کے ذریعے ہم سازشی عناصر کو شکست دے سکتے ہیں۔

اس موقع پر آر پی او راولپنڈی کا کہنا تھا کہ چہلم کے موقع پر سکیورٹی کے سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں جبکہ پولیس کی اضافی نفری بھی چہلم کے جلوسوں کے روٹس پر تعینات کی گئی ہے۔ ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کا کہنا تھا کہ انتظامیہ نے سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کیے ہیں۔چہلم شہدائے کربلا کے جلوس روٹس کی مؤثر نگرانی کی جا رہی ہے۔ کمشنر راولپنڈی نے چہلم شہدائے کربلا کے موقع پرسکیورٹی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔