راولپنڈی۔24اکتوبر (اے پی پی):پاکستان اور انگلینڈ کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان تیسرے اور فیصلہ کن ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ ٹیم کے کپتان بین سٹوکس نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے۔راولپنڈی میں کھیلے جانے والے اس میچ میں قومی ٹیم پہلے فیلڈنگ کرہی ہے ۔
ٹاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے پاکستانی کپتان شان مسعود کا کہنا تھا کہ ٹاس کبھی پلان کے مطاق ہوجاتا ہے کبھی نہیں، ہمیں اچھی کرکٹ کھیلنی ہے۔شان مسعود کا کہنا تھا کہ ہماری تیاری ہے اور اس کے مطابق کھیلیں گے۔ انگلینڈ کے خلاف کھیلنا اچھا تجربہ ہے۔
تیسرے اور فیصلہ کن ٹیسٹ میچ کیلئے پاکستان ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔راولپنڈی ٹیسٹ میں قومی ٹیم 3 سپنرز نعمان علی، زاہد محمود اور ساجد خان کے ساتھ میدان میں اترےگی جبکہ صائم ایوب اور عبداللہ شفیق اوپننگ کریں گے۔پلیئنگ الیون میں شان مسعود، کامران غلام، سعودشکیل، محمدرضوان، سلمان علی آغا اور عامر جمال بھی شامل ہیں۔واضح رہے کہ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان 3 ٹیسٹ میچز کی سیریز کے پہلے ٹیسٹ میں انگلینڈ نے پاکستان کو ایک اننگز اور 47 رنز سے شکست دی تھی تاہم پاکستان ٹیم نے دوسرے میچ میں جاندار کم بیک کرتے ہوئے نہ صرف انگلینڈ کو 152 رنز سے شکست دی بلکہ تین میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر کر دی تھی۔ انگلینڈ کی پلیئنگ الیون میں کپتان بین سٹوکس جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں زیک کرولی، بین ڈکٹ، اولی پوپ، جو روٹ، ہیری بروک، وکٹ کیپر جیمی سمتھ ، گس اٹکنسن، ریحان احمد، جیک لیچ اور شعیب بشیر شامل ہیں۔دونوں ٹیموں کے درمیان جاری تیسرے ٹیسٹ میچ میں نیوزی لینڈکے کرس گیفانی اور بنگلہ دیش کے شرف الدولہ فیلڈ امپائرنگ کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔سری لنکا کے کمار دھرما سیناٹی وی ایمپائر ہیں۔پاکستان کے فیصل آفریدی ریزرو امپائر ہیں جبکہ ویسٹ انڈیز کے رچی رچرڈ سن میچ ریفری کے فرائض انجام دے رہے ہیں