راولپنڈی پولیس کی جانب سے شہر کے مختلف علاقوں میں فلیگ مارچ کیا گیا

120

راولپنڈی۔18اکتوبر (اے پی پی):سی پی او سید خالد ہمدانی کی ہدایات پر راولپنڈی پولیس کی جانب سے شہر کے مختلف علاقوں میں فلیگ مارچ کیا گیا ۔فلیگ مارچ کی قیادت ایس ایس پی آپریشنز فلائٹ لیفٹیننٹ (ر) حافظ کامران اصغر نے کی۔فلیگ مارچ میں ایس پی سکیورٹی، ڈویژنل ایس پیز، ایس ڈی پی اوز، ایس ایچ اوز، ضلعی پولیس، ایلیٹ فورس اور ڈولفن فورس نے شرکت کی۔فلیگ مارچ پولیس لائنز سے مال روڈ، راول روڈ، مری روڈ سے ہوتا ہوا پولیس لائنز میں اختتام پذیر ہوا۔

فلیگ مارچ کا مقصد قانون کی عملداری اور امن و امان کو یقینی بنانے کے عزم کا اظہار ہے۔ واضح رہے کہ راولپنڈی میں دفعہ 144 نافذ ہے، کسی بھی غیر قانونی سرگرمی کی اجازت نہیں دی جائے گی، غیر قانونی اجتماع، ریلی یا کسی بھی قانون شکنی کی صورت میں فوری قانونی کارروائی کی جائے گی، امن و امان میں خلل ڈالنے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا، راولپنڈی پولیس قانون کی بالادستی اور شہریوں کے جان و مال کی حفاظت کے لئے ہمہ وقت مصروف عمل ہے۔