اسلام آباد۔25مارچ (اے پی پی):راولپنڈی پولیس نے 15 ملزمان گرفتار کر کےاسلحہ،منشیات ،مسروقہ موٹرسائیکلز و نقدی برآمدکرلی۔پولیس ترجمان کے مطابق سول لائنز پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے سٹریٹ کرائم اورموٹر سائیکل چوری میں ملوث دورکنی گینگ کو گرفتار کرلیا۔گرفتار ملزمان میں شیراز اور عبدالوہاب شامل ہیں۔
ملزمان سے دو مسروقہ موٹر سائیکل،مسروقہ رقم 39 ہزار 350 روپے اور وارداتوں میں استعمال ہونے والا اسلحہ برآمدہوا۔ملزم فیضان نے 15 پر کال کی کہ 2/3 اشخاص اس سے گاڑی چھیننے کی کوشش کررہے ہیں۔واقعہ کی اطلاع پر آراے بازار پولیس فوری موقع پر پہنچی،تحقیقات پر ایسا کوئی واقعہ رونما نہ ہونا پایا گیا۔ آراے بازار پولیس نے 15 پر بوگس کال کرنے والے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے ملزم فیضان کو گرفتار کرلیا۔
سرچ آپریشنز کے دوران راولپنڈی پولیس نے کرایہ داری ایکٹ کی خلاف ورزی کرنے والے 04ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ گرفتار ملزمان میں عمران، ذوہیب، سلیمان اور خالد شامل ہیں،مورگاہ پولیس نے ملزم قمر سے 650 گرام چرس برآمدکی۔گوجرخان پولیس نے ملزم نیئر سے 540 گرام چرس برآمد کی، پیرودھائی پولیس نے ملزم زاہد سے 20 لیٹر شراب، ملزم عبدالمسعود سے 10 لیٹر شراب، بنی پولیس نے ملزم کفیل سے 05 لیٹر شراب برآمد کر لی۔
گنجمنڈی پولیس نے ملزم طارق سے پستول 30 بور معہ ایمونیشن، صادق آباد پولیس نے ملزم مزمل سے پستول 30 بور معہ ایمونیشن، مندرہ پولیس نے ملزم عقیل سے ریوالور معہ ایمونیشن برآمد کر کے ملزمان کے خلاف الگ الگ مقدمات درج کر لیے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=576151