راولپنڈی ڈویژن کے مختلف علاقوں میں بارش اور پہاڑی علاقوں میں برفباری کا امکان

79
راولپنڈی ڈویژن کے مختلف علاقوں میں بارش اور پہاڑی علاقوں میں برفباری کا امکان

راولپنڈی۔24فروری (اے پی پی):راولپنڈی ڈویژن کے مختلف علاقوں میں منگل کو بارش اور پہاڑی علاقوں میں برفباری کا امکان ہے۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے راولپنڈی، مری، اٹک، چکوال، جہلم، تلہ گنگ سمیت بالائی پنجاب کے دیگر علاقوں میں 25 فروری بروز منگل سے بارشوں کی پیشنگوئی کی ہے

،ان علاقوں میں کہیں ہلکی بارش اور کئی مقامات پر بارش کے ساتھ تیز ہواؤں کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے ملکہ کوہسار مری، گلیات اور گردونواح میں بارشوں اور برفباری کا امکان ظاہر کیا ہے، مری اور گردونواح میں بارشوں اور برفباری کا سلسلہ 2 مارچ تک وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے۔

دوسری جانب موسمی صورتحال کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ مری کی جانب سے سیاحوں کے لیے ایڈوائزری جاری کر دی گئی ہے۔ ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ سیاح مری آنے سے پہلے پرنٹ، الیکٹرانک اور سوشل میڈیا سے موسمیاتی صورتحال سے آگاہی حاصل کریں۔ ضلعی انتظامیہ مری نے سیاحوں اور مسافروں سے کہا ہے کہ وہ سفر کے دوران محتاط رہنے اور موسم کی صورتحال کے مطابق سفر کا پروگرام ترتیب دیں۔