راولپنڈی۔31جنوری (اے پی پی):سی ای او کنٹونمنٹ بورڈ سید علی عرفان رضوی نے کہا ہے کہ راولپنڈی کینٹ بورڈ نے داخلی پوائنٹ سے صفائی کا آغاز کر دیا ہے، کینٹ کو صاف ستھرا رکھنا اولین ترجیح ہے ۔ آر سی بی کی جاری پریس ریلیز کے مطابق ڈی جی ملٹری لینڈز اینڈ کنٹونمنٹس بورڈ کی ہدایت پر راولپنڈی کینٹ کے داخلی پوائنٹ سے صفائی کا آغاز کر دیا گیا ہے جس کی نگرانی ایڈیشنل سی او ای اور ڈپٹی سی ای او کر رہے ہیں۔ سی ای او سید علی عرفان رضوی نے بتایا کہ داخلی پوائنٹ سے صفائی کا مقصد انٹرنس پوائنٹ سے صفائی اور کینٹ کی خوبصورتی میں اضافہ کرنا ہے۔
صفائی کشمیر روڈ، نوگزہ روڈ، کامران مارکیٹ، ریلوے لائن مریڑ حسن سے شروع کی گئی ہے جبکہ کینٹ بورڈ کے عملہ نے دیگر علاقوں سے ملبہ اور کوڑا کرکٹ اٹھانے کا کام شروع کر دیا ہے جس کے بعد کینٹ بورڈ کے داخلی پوائنٹ کی تزئین و آرائش شروع کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ داخلی پوائنٹ پر کینٹ بورڈ کا عملہ دن رات صفائی میں مصروف عمل ہے، داخلی پوائنٹ کے حوالے سے آپریشن سٹاف کو مکمل فعال رہنے کا حکم بھی جاری کیا ہے، سی ای او نے مزید کہا کہ شہری جگہ جگہ کچرا پھینکنے کی بجائے کچرا دان میں ڈالیں تاکہ کینٹ کوصاف ستھرا رکھا جا سکے۔ دوسری جانب آپریشن میں ہیوی مشینری اور افرادی قوت کی فراہمی کو یقینی بنایا گیا ہے جس سے صفائی کے نظام میں مزید بہتری آئے گی۔