23.8 C
Islamabad
جمعرات, مارچ 6, 2025
ہومضلعی خبریںرمضان المبارک میں ڈی آئی خان سمیت صوبے کے تمام اضلاع میں...

رمضان المبارک میں ڈی آئی خان سمیت صوبے کے تمام اضلاع میں گیس کی بلاتعطل فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے، گورنر خیبر پختونخوا

- Advertisement -

پشاور۔ 05 مارچ (اے پی پی):گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے ماہ رمضان میں ڈیرہ اسماعیل خان سمیت صوبہ بھر میں سوئی گیس فراہمی کے سلسلہ میں سوئی گیس حکام کو بدھ کے روز گورنر ہاؤس پشاور طلب کیا۔

اس موقع پر سوئی گیس حکام کی جانب سے گورنر خیبرپختونخوا کو صوبہ میں سحری و افطاری کے اوقات میں گیس کی بلاتعطل فراہمی سے متعلق تفصیلی طور پر آگاہ کیا گیا۔گورنر خیبرپختونخوا کو ایس این جی پی ایل کے جنرل منیجر وقاص اللہ شنواری نے بتایاکہ ماہ رمضان میں صوبہ بھر میں صارفین کو بلاتعطل گیس کی فراہمی جاری ہے اور اس حوالے سے سوئی گیس کی ٹیمیں تمام اضلاع میں گیس کے کم پریشر، گیس لیکیج سمیت دیگر شکایات دور کرنے کیلئے پہلے سے مصروف عمل ہیں، انہوں نے بتایاکہ ڈی آئی خان میں کوئلہ سیدان، بند کورائی اور دیگر نواحی علاقوں میں گیس فراہمی کیلئے پائپ لائن بچھانے کا کام تقریبا مکمل ہوچکا ہے، ڈی آئی خان سٹی میں پانچ نئے ٹی بی ایس بھی مکمل کیے جاچکے ہیں جس سے ڈی آئی خان سٹی میں گیس کے کم پریشر کا مسئلہ بالکل ختم ہو جائے گا، اس موقع گورنرخیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے سوئی گیس حکام کو ہدایت کی کہ رمضان المبارک میں ڈی آئی خان سمیت صوبے کے تمام اضلاع میں گیس کی بلاتعطل فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے، سحری و افطاری کے اوقات میں گھریلو صارفین کو گیس کی عدم دستیابی اور کم پریشر کی پریشانی سے بچانا ہماری ذمہ داریوں میں شامل ہے۔

- Advertisement -

سوئی گیس حکام ہر ممکن کوشش کریں کہ ماہ رمضان میں صوبہ بھر میں گیس کی عدم دستیابی کی شکایات سامنے نہ آئیں اور ماہ مقدس میں عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دیاجائے۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=569166

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں