فیصل آباد ۔ 17 مارچ (اے پی پی):وزیراعلی پنجاب مریم نواز کے احکامات پرفیصل آباد ڈویژن میں رمضان نگہبان پیکج پر تیز رفتارعملدرآمد جاری ہے اورگزشتہ روز مزید 34ہزار419رمضان راشن پیکٹس مستحقین کی دہلیز پر فراہم کئے گئے۔کمشنر فیصل آبادسلوت سعید نے بتایا کہ چاروں اضلاع میں مجموعی طور پر3لاکھ 85ہزار 988خاندانوں میں راشن پیکٹس تقسیم ہوچکے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ضلع فیصل آباد میں مجموعی طور پر1 لاکھ 47 ہزار 870 راشن بیگز تقسیم،ضلع جھنگ میں ایک لاکھ 8 ہزار 385،ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ میں 67 ہزار 249۔اور ضلع چنیوٹ میں 62 ہزار 484 بیگز کی شفاف تقسیم ہوچکی ہے۔انہوں نے بتایا کہ نگہبان رمضان پیکج کا ڈویژن میں 46.48 فیصد ہدف مکمل کرلیا گیا ہے۔اسی حوالے سے ڈپٹی کمشنر عبداللہ نیئر شیخ کی زیر صدارت نگہبان رمضان پیکج پر عملدرآمد کی پیشرفت کا جائزہ لینے کیلئے اجلاس منعقد ہوا۔ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ نگہبان رمضان پیکج پر تیز رفتار عملدرآمد کیا جائے اور تصدیقی عمل کے بعد مستحقین کو ان کی دہلیز پر راشن پیکٹس کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔انہوں نے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے نگہبان رمضان پیکج پر عملدرآمد کی پیشرفت کا جائزہ لیا۔
اس موقع پر بتایاگیا کہ اب تک ایک لاکھ 47 ہزار 870 گھرانوں میں رمضان راشن تقسیم کیا جاچکا ہے۔ڈپٹی کمشنرنے اجلاس کے دوران ستھراپنجاب پروگرام پر عملدرآمد کا بھی جائزہ لیا اور کہا کہ صفائی ستھرائی،تجاوزات کے صفایا،سٹریٹ لائٹس کے فعال ہونے،سیوریج سسٹم کی بہتری و مین چینلز کی ڈی سلٹنگ سمیت دیگر اہداف31 مارچ تک سو فیصد ہونے چاہیں۔ڈپٹی کمشنر نے مختلف علاقوں میں یوٹیلٹی سٹورز کا دورہ بھی کیا اور صارفین کی سہولیات کے انتظامات چیک کئے۔انہوں نے اشیاء کی کوالٹی کا بھی جائزہ لیا اورمعیار کو ہر صورت یقینی بنانے کی تاکید کی۔