رنگ روڈ قومی اہمیت کا منصوبہ ہے، اس کی تکمیل حکومت کی اولین ترجیح ہے، وفاقی وزیر ہوا بازی غلام سرور خان

60

راولپنڈی ۔11جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر ہوا بازی غلام سرور خان نے کہا ہے کہ رنگ روڈ قومی اہمیت کا منصوبہ ہے، اس کی تکمیل حکومت کی اولین ترجیح ہے، منصوبے کے ثمرات صرف راولپنڈی تک ہی محدود نہیں رہیں گے بلکہ اس سے پورے ملک کو فائدہ ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کمشنر آفس راولپنڈی میں رنگ روڈ اور سمال ڈیمز کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ کمشنر راولپنڈی کیپٹن (ر) محمد محمود نے انہیں رنگ روڈ اور سمال ڈیمز پر تفصیلی بریفنگ دی۔ اس موقع پر وفاقی وزیر نے کہا کہ رنگ روڈ منصوبہ پر ہر دور میں بات ہوئی مگر تحریک انصاف کی حکومت اس پر عملی کام کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ رنگ روڈ منصوبہ کے متعلق تمام تفصیلات کے بارے میں آگاہ رکھیں، رنگ روڈ اسلام آباد اور راولپنڈی کا فلیگ شپ منصوبہ ہے، اس منصوبے کے ثمرات صرف جڑواں شہروں تک ہی محدود نہیں رہیں گے بلکہ اس سے پورے ملک کو فائدہ ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس منصوبے سے دونوں شہروں کی ٹریفک کی پریشانیوں کو کم کرنے میں بھی مدد ملے گی کیونکہ اس سے ماحولیاتی آلودگی کو ختم کرنے کے علاوہ گاڑیوں کی آمد و رفت بھی آسان ہوگی اور معاشی ترقی میں تیزی آئے گی۔ وزیر ہوا بازی نے مزید کہا کہ بارانی علاقہ کا سب سے بڑا مسئلہ پینے اور زرعی ضروریات کیلئے پانی کی فراہمی ہے، اس مسئلہ کے حل کے لئے سمال ڈیمز پر فاسٹ ٹریک پر کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ددہوچہ، چہان اور مہوٹہ ڈیمز کی تیزی سے تکمیل کے لئے اقدامات کریں، فنڈز بھی مہیا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ملکی تاریخ میں پہلی بار حکومتی اور اپوزیشن ممبران پر مشتمل کمیٹی ڈیمز پر کام کر رہی ہے۔ انہوں نے رنگ روڈ منصوبہ اور سمال ڈیمز پر پیش رفت کے حوالے سے کمشنر راولپنڈی کی تعریف کی۔