اسلام آباد۔24فروری (اے پی پی):رنگِ پاکستان فیسٹیول لوک ورثہ اسلام آبادمیں اختتام پذیر ہوگیا۔ لوک ورثہ اور وزارتِ قومی ورثہ و ثقافت کے دوسرے ذیلی اداروں کے اشتراک سے منعقدہ ’’رنگِ پاکستان فیسٹول‘‘پیر کو اختتام پذیر ہو گیا ۔ اس فیسٹیول کا مقصد پاکستان کے خوبصورت ثقافتی ، تاریخی اور ادبی پہلوؤں پر روشنی ڈالنا اور ان کے فروغ کے لئے اقدامات اٹھانا تھا۔
اس کے علاوہ اس فیسٹیول کا ایک اہم مقصد ملک کے لوک فنکاروں ، ماہر ہنرمندوں،لوک رقاصوں اور لوک فنون سے متعلق دوسرے افراد کا اپنی خدمات پیش کرنے اور انہیں قومی سطح پر روشناس کرانے کا موقع فراہم کرنا بھی تھا۔اس فیسٹیول کی اہم سرگرمیوں میں ہنرمند دستکاروں کے کام کی نمائش شامل تھی جس میں 30 سے زائد دستکاروں جن کا تعلق تمام وفاق کی اکائیوں سے تھا شرکت کی اور بغیر کسی ایجنٹ کے اپنی اپنی مصنوعات کو برائے راست عوام میں فروخت کیا اپنے اور اپنے خاندانوں کے لئے روزگار کا ایک وسیلہ بنے۔
فیسٹیول میں نہ صرف اِن ہنرمندوں نے اپنی مصنوعات کو فروخت کیا بلکہ اپنے کام کے فروغ کے لئے مختلف اداروں سے بھی رابطہ رکھا جس سے ان کا آئندہ اپنے فن کے بہتر انداز میں تشہیر کا موقع ملا۔فیسٹیول میں لوک فنکاروں اور لوک رقاص پارٹیوں نے بھی شرکت کی اور اپنے فن کے ذریعے عوام سے خوب داد وصول کی ۔ مشاعرے کا انعقاد بھی فیسٹیول کی سرگرمیوں میں شامل تھا۔ اکادمی ادبیاتِ پاکستان کی وساطت سے یہ مشاعرہ منعقد ہوا جس میں نامور شعراء نے اپنا کلام پیش کیا جسے عوام کی ایک بڑی تعداد نے خوب سراہا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=565533