رواں سا ل2020 کے دوران پاکستان میں ترسیلات زر کی وصولیوں میں 9 فیصد اضافہ متوقع ہے،عالمی بینک کی رپورٹ

181
https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=345782

اسلام آباد۔4نومبر (اے پی پی):عالمی بینک کی رپورٹ کے مطابق رواں سا ل2020 کے دوران پاکستان میں ترسیلات زر کی وصولیوں میں 9 فیصد اضافہ متوقع ہے۔ رواں سال کے اختتام تک ترسیلات زر کی مد میں پاکستان کو مجموعی طور پر24 ارب ڈالر ملنے کا امکان ہے۔ عالمی بینک کی ’’مائیگریشن اینڈ ڈویلپمنٹ بریف‘‘ رپورٹ کے مطابق رواں سال 2020کے دوران جنوبی ایشیا کے ممالک کو ترسیلات زر کی وصولیوں میں 4فیصد جبکہ سال 2021میں 11فیصد تک کی کمی کا خدشہ ہے۔ عالمی بینک کی انسانی وسائل کی ترقی کے شعبہ کی نائب صدر او ر مائیگریشن سٹیئرنگ گروپ کی چیئر پرسن ممتا مرتھی نے کہا ہے کہ کووڈ19-کی عالمی وبا کے باعث اور متوسط آمدنی والے ممالک کو ترسیلات ز ر کی وصولیوں میں کمی کا خدشہ ہے اور اس سے ان ممالک میں رہائش پذیر ایسے خاندان جن کا انحصار ترسیلات زر پر ہے، ان کے معاملات متاثرہوسکتے ہیں۔ عالمی بینک کی روپرٹ کے مطابق سال 2020کے دوران کم اور متوسط آمدنی والے ممالک کی ترسیلات زر کی وصولیاں7فیصد کی کمی سے 508ارب ڈالر تک کم ہونے جبکہ سال 2021 میں مزید7.5فیصد کمی کے باعث 470ارب ڈالر تک کم ہونے کا خدشہ ہے تاہم ورلڈ بینک نے اپنی رپورٹ میں توقع ظاہر کی ہے کہ رواں سال 2020کے دوران پاکستان کی ترسیلات زر کی وصولیاں9فیصد اضافہ سے 24ارب ڈالر تک بڑھنے کا امکان ہے۔