رواں سال دسمبر سے 38 الیکٹرک بسیں اسلام آباد کی سڑکوں پر چلنا شروع ہو جائیں گی ، فواد چوہدری

116

اسلام آباد۔31اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ رواں سال دسمبر سے 38 الیکٹرک بسیں اسلام آباد کی سڑکوں پر چلنا شروع ہو جائیں گی جس کے بعد وفاقی دارالحکومت دوست ماحول الیکٹرک ٹرانسپورٹ کا پہلا شہر بن جائے گا، الیکٹرک گاڑیوں کی ٹیکنالوجی کو متعارف کرانے کیلئے جرمن کمپنی کے ساتھ مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کرنے سے ماحولیاتی آلودگی کے خلاف حکومت کی پالیسی پر کام تیز ہو جائے گا۔ ہفتہ کو نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چین اور جرمنی نے پاکستان میں الیکٹرک گاڑیوں کی ٹیکنالوجی متعارف کرانے میں دلچسپی ظاہر کی جو کہ ان کی موجودہ حکومت کی پالیسیوں پر اعتماد کا ثبوت ہے۔ چوہدری فواد حسین نے کہا کہ نئے ایم او یو کے تحت جرمن کمپنی تین مرحلوں میں سرمایہ کاری کرے گی جس میں بس آپریشنز، مینوفیکچرنگ پلائنٹس کی تنصیب اور پاکستان میں ٹیکنالوجی کی منتقلی شامل ہیں، اس منصوبے سے ملک میں 3 سے 5 بلین ڈالرز غیرملکی سرمایہ کاری متوقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزارت سائنس نے گزشتہ 13 ماہ کے دوران فیصل آباد میں میڈیکل سیٹیز کے قیام سمیت سیالکوٹ اور دوسرے شہروں میں بین الاقوامی معیار کے طبی آلات کی تیاری کے حوالے سے زبردست کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ حکومت کی شہباز شریف کے درمیان ڈیل کے بارے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ حکومت کا پہلے دن سے واضح موقف ہے کہ احتساب کے سوا ہم اپوزیشن کے ساتھ ہر معاملے پر بات چیت کرنے کیلئے تیار ہیں۔