رواں سال صوبہ میں چاول کی کاشت کا ہدف 50 لاکھ ایکڑ مقرر کیاہے،سیکرٹری زراعت پنجاب

34

لاہور۔3جولائی (اے پی پی):سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو کی زیرِ صدارت چاول کی صوبائی مینجمنٹ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔اس موقع سیکرٹری زراعت پنجاب نے کہا کہ رواں سال صوبہ میں چاول کی کاشت کا ہدف 50 لاکھ ایکڑ مقرر کیاگیا ہے، چاول کی کوالٹی اور پیداوار میں اضافہ کیلئے حکمت عملی تیار ہو چکی ہے، علاوہ ازیں چاول کے برآمدی معیار کی پیداوار کے حصول کیلئے کاشتکاروں کی فنی رہنمائی کی جارہی ہے۔

اجلاس میں سیکرٹری زراعت پنجاب نے چاول کی برآمد میں اضافہ کیلئے طویل المدتی حکمت عملی تیارکرنے کی ہدایت کی۔ انھوں نے کہا کہ ہائی ٹیک مشینری کے لیے حکومت پنجاب کے تحت کاشتکاروں / اسٹیک ہولڈرز کو سہولیات فراہم اور دھان کی فصل پر زرعی زہروں کا محفوظ استعمال یقینی بنایا جا رہا ہے، چاول کی برآمدات میں اضافہ کے لیے یوروفنز لیب کا قیام اہم سنگ میل ہے۔

اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری زراعت ٹاسک فورس پنجاب محمد شبیر احمد خان،ڈائریکٹر جنرلز زراعت چوہدری عبدالحمید، نوید عصمت کاہلوں، ڈاکٹر عبدالرحمان،ڈاکٹر عامر رسول سمیت رائس ایکسپورٹر ایسوسی ایشن کے نمائندگان نے شرکت کی۔