23.8 C
Islamabad
اتوار, اپریل 20, 2025
ہومقومی خبریںرواں سال کا پانچواں پولیو کیس کوئٹہ سے رپورٹ ، وائرس کے...

رواں سال کا پانچواں پولیو کیس کوئٹہ سے رپورٹ ، وائرس کے خاتمہ تک یہ موذی بیماری ہر بچے کے لیے خطرہ بنی رہے گی،ڈاکٹر ملک مختار بھرت

- Advertisement -

اسلام آباد۔10جون (اے پی پی):وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے صحت ڈاکٹر ملک مختار بھرت نے کہا ہے کہ پاکستان میں رواں سال کا پانچواں پولیو کیس بلوچستان کے ضلع کوئٹہ سے رپورٹ ہونا افسوس ناک ہے، جب تک ہم پولیو وائرس کا خاتمہ نہیں کر لیتے یہ موذی بیماری ہر بچے کے لیے خطرہ بنی رہے گی۔ وزارت صحت سے جاری بیان کے مطابق انہوں نے کہا کہ رواں سال کے پانچ میں سے چار کیس بلوچستان سے رپورٹ ہوئے ہیں اور حکومت صوبے میں پولیو ویکسین اور حفاظتی ٹیکوں کی شرح کو بڑھانے پر کام کر رہی ہے تاکہ بچوں کی قوت مدافعت مضبوط رہے۔اس سال بلوچستان سے 50 سے زائد ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس پایا گیا ہے

جن میں 21 مثبت نمونے کوئٹہ سے ہیں۔مزید برآں انسداد پولیو کے لیے قائم نیشنل ایمرجنسی آپریشنز سینٹرکے کوآرڈینیٹر کیپٹن (ریٹائرڈ) محمد انور الحق نے کہا کہ اس کیس کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ گذشتہ کچھ ماہ میں امن و امان کی صورت حال اور مقامی مظاہروں کی وجہ سے پاکستان پولیو پروگرام کو کوئٹہ اور بلوچستان میں پولیو مہمات کے مکمل انعقاد میں چیلنجز کا سامنا رہا ہے۔

- Advertisement -

پولیو مہمات میں رکاوٹیں بچوں کی قوت مدافعت کے لیے سنگین نتائج کا باعث بن سکتی ہیں، خاص طور پر ایسے وقت میں جب پولیو وائرس دیگر اضلاع میں مسلسل پایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے پاکستان پولیو پروگرام پولیو مہمات سمیت مزید حکمت عملیوں پر غور کر رہا ہے تاکہ بچوں کو اس بیماری سے بچا سکیں۔یہ رواں سال کا پانچواں پولیو کیس اور کوئٹہ سے چار سال بعد پہلا کیس ہے۔ گذشتہ سال پاکستان سے چھ پولیو کیس رپورٹ ہوئے تھے۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=474610

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں