رواں مالی سال کی پہلی ششماہی ، مجموعی قومی برآمدات میں 5 فیصد دسمبر 2020 میں 18.31 فیصد اضافہ ہوا

51
ادارہ برائے شماریات

اسلام آباد۔11جنوری (اے پی پی):رواں مالی سال کی پہلی ششماہی کے دوران مجموعی قومی برآمدات میں 5 فیصد جبکہ دسمبر 2020 میں 18.31 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ ادارہ برائے شماریات پاکستان ،پی بی ایس کے اعداد وشمار کے مطابق جاری مالی سال میں جولائی تا دسمبر 2020 کے دوران برآمدات کا حجم 12.098 ارب ڈالر تک بڑھ گیا جبکہ گزشتگہ مالی سال میں جولائی تا دسمبر 2019 کے دوران مجموعی قومی برآمدات کا حجم 11.524 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔ پی بی ایس کے مطابق اسی طرح درآمدات میں بھی 5.72 فیصد کے اضافہ سے مجموعی قومی درآمدات 23.195 ارب ڈالر کے مقابلہ میں 24.521 ارب ڈالر تک بڑھ گئیں۔ رپورٹ کے مطابق گزشتہ مالی سال کےمقابلہ میں رواں مالی سال کے دوران قومی برآمدات میں 0.574 ارب ڈالر یعنی 4.98 فیصد اضافہ ہواہے تاہم دسمبر 2019 کے مقابلہ میں دسمبر 2020 کے دوران مجموعی ملکی برآمدات میں 18.31 فیصد کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ دسمبر 2019 میں برآمدات کا حجم 1.988 ارب ڈالر رہا تھا جبکہ دسمبر 2020 کے دوران قومی برآمدات 2.352 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں۔ رپورٹ کے مطابق نومبر 2020 کے مقابلہ میں دسمبر 2020 کے دوران قومی برآمدات میں 8.19 فیصد اضافہ ہوا ہے اور برآمدات کا حجم 2.174 ارب ڈالر کے مقابلہ میں 2.352 ارب ڈالر تک بڑھ گیا ۔