رواں مالی سال کی پہلی ششماہی کے دوران انفارمیشن ٹیکنالوجی کی برآمدات میں 40 فیصد اضافہ

61
ادارہ برائے شماریات

اسلام آباد۔10فروری (اے پی پی):رواں مالی سال کی پہلی ششماہی کے دوران انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) کی برآمدات 40 فیصد بڑھ گئیں۔ پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ (پی ایس ای بی) کی رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال میں جولائی تا دسمبر 2020 کے دوران برآمدات کا حجم 958 ملین ڈالر تک بڑھ گیا جبکہ گذشتہ مالی سال میں جولائی تا دسمبر 2019 کے دوران آئی ٹی کی برآمدات کا حجم 684 ملین ڈالر رہا تھا۔ اس طرح گذشتہ مالی سال کے مقابلہ میں رواں مالی سال کے پہلے چھ ماہ کے دوران آئی ٹی کی برآمدات میں 274 ملین ڈالر یعنی 40 فیصد کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ پی ایس ای بی کے حکام نے کہا ہے کہ پاکستان میں آئی ٹی کا شعبہ تیزی سے ترقی کر رہا ہے جس کی برآمدات میں اضافہ سے قیمتی زرمبادلہ کمایا جا رہا ہے اور روزگار کے بھی وسیع مواقع پیدا ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نومبر 2019 کے اختتام پر پی ایس ای بی کے ساتھ آئی ٹی کے شعبہ کی رجسٹرڈ کمپنیوں کی تعداد 2121 تھی جو نومبر 2020 کے اختتام تک 2746 تک بڑھ گئیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں آئی ٹی کے شعبہ کی برآمدات 100 سے زیادہ ممالک کو کی جا رہی ہیں اور دنیا بھر کے کئی بڑے اور معروف ادارے پاکستان سے درآمدات کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئی ٹی کا مقامی شعبہ بین الاقوامی معیار کے مطابق سٹیٹ آف دی آرٹ مصنوعات اور خدمات فراہم کر رہا ہے جن کی دنیا بھر میں بھرپور مانگ ہے۔