رواں مالی سال کے دوران امریکہ، برطانیہ اور چین پاکستانی برآمدات کی بڑی منڈیاں رہی ہیں، سٹیٹ بینک آف پاکستان کی رپورٹ

226
State Bank of Pakistan
State Bank of Pakistan

اسلام آباد۔2فروری (اے پی پی):رواں مالی سال کے دوران امریکا ، برطانیہ اور چین پاکستانی برآمدات کی بڑی منڈیاں رہی ہیں۔ سٹیٹ بینک آف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق جاری مالی سال کی پہلی ششماہی کے دوران پاکستان سے درآمدات کرنے والا بڑا ملک امریکہ جبکہ دوسرے نمبر پر برطانیہ اور تیسری نمبر پر چین رہا ہے۔ رپورٹ کے مطابق اس دوران امریکہ کو کی جانے والی برآمدات میں 9.94 فیصد اضافہ ہوا ہے اور جولائی تا دسمبر 2020 کے دوران امریکہ کو کی جانےوالی برآمدات کا حجم 2280.318 ملین ڈالر تک بڑھ گیا جبکہ جولائی تا دسمبر 2019 میں امریکہ کو 2074.080 ملین ڈالر کی برآمدات کی گئی تھیں۔ اسی طرح گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں رواں مالی سال میں امریکہ کو کی جانےوالی برآمدات میں 10 فیصد کے قریب یعنی 206.238 ملین ڈالر اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں رواں مالی سال کی پہلی ششماہی کے دوران برطانیہ پاکستانی مصنوعات کی دوسری بڑی درآمدی منڈی رہا ہے اور برآمدات کاحجم 10.79 فیصد اضافہ سے 863.333 ملین ڈالر کے مقابلہ میں 956.498 ملین ڈالر تک بڑھ گیا ۔ چین کو کی جانے والی برآمدات گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں رواں مالی سال میں 10.56 فیصدکم ہو کر 936.858 ملین ڈالر کے مقابلہ میں 837.912 ملین ڈالر تک ہوئی ہیں تاہم پھر بھی چین پاکستان سے درآمدات کرنےوالا تیسرا بڑا ملک رہا ہے۔ مزید برآں جرمنی کو کی جانے والی برآمدات 11.60 فیصد اضافہ سے 670.934 ملین ڈالر کے مقابلہ میں 748.793 ملین ڈالر تک بڑھ گئیں اور ہالینڈ کو کی جانے والی برآمدات بھی 502.087 ملین ڈالر کے مقابلہ میں 516.107 ملین ڈالر تک پہنچ گئیں