اسلام آباد ۔ 17 مارچ (اے پی پی) رواں مالی سال کے دوران مختلف ممالک کو پاکستان کی برآمدات میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ سٹیٹ بینک آف پاکستان کے اعدادوشمارکے مطابق رواں مالی سال کے دوران جولائی سے جنوری تک پاکستان نے بنگلہ دیش کو برآمدات سے 451.183 ملین ڈالر کازرمبادلہ کمایا جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے مقابلے میں زیادہ ہے۔گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ میں پاکستان نے بنگلہ دیش کوبرآمدات سے 378.801 ملین ڈالر کازرمبادلہ حاصل کیا تھا۔ اعداد و شمارکے مطابق اس عرصہ میں بیلجیئم کو برآمدات سے پاکستان نے 356.712 ملین ڈالر کازرمبادلہ کمایا۔ اس عرصہ میں فرانس کو برآمدات سے پاکستان نے 268.500 ملین ڈالر کازرمبادلہ حاصل کیا۔ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ میں فرانس کو برآمدات سے پاکستان نے 260.044 ملین ڈالرکا منافع حاصل کیا تھا۔مالی سال کے ابتدائی 7 مہینوں میں بھارت کو برآمدات سے پاکستان نے 249.840 ملین ڈالر کمائے ، گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ میں بھارت کو برآمدات سے پاکستان کو 240.073 ملین ڈالر حاصل ہوئے تھے۔ سعودی عرب کو اس عرصہ میں برآمدات سے ملک کو 179.851 ملین ڈالر حاصل ہوئے ، گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ میں سعودی عرب کو برآمدات سے پاکستان نے 191.662 ملین ڈالر کمائے تھے۔