اسلام آباد ۔ 3 اپریل (اے پی پی) رواں مالی سال کے دوران ملائیشیا میں مقیم پاکستانیوں کی جانب سے ترسیلات زر میں گزشتہ سال کے اسی عرصہ کے مقابلہ میں 44.48 فیصد نمایاںاضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ پاکستان بیورو برائے شماریات کے اعداد وشمار کے مطابق جولائی سے لے کر فروری 2019ءتک ملائیشیا میں مقیم پاکستانیوں نے 1017.43 ملین ڈالر زرمبادلہ ملک بھجوایا جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے مقابلہ میں 44.48 فیصد زیادہ ہے۔ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ میں ملائیشیا میں مقیم پاکستانیوں نے 704.20 ملین ڈالر کا زرمبادلہ ملک بھجوایا تھا۔ ملائیشیا اور پاکستان کے درمیان کرنسی بھجوانے کے طریقہ کار کو باضابطہ بنانے کے لئے چند ہفتے قبل ملائیشیا اور چین کے کاروباری اداروں اور ٹیلی نار مائیکرو فنانس بینک کے درمیان ایک سمجھوتہ طے پایا تھا۔ اس سمجھوتے کے تحت ملائیشیا میں مقیم پاکستانیوں کو سہل اور آسان طریقہ کار سے ترسیلات بھجوانے کی سہولت فراہم کی گئی ہے جس کے بعد ملائیشیا میں مقیم پاکستانیوں کی جانب سے ترسیلات زر میں نمایاں اضافہ دیکھنے میںآیا ہے۔ اعداد وشمار کے مطابق فروری میں ملائیشیا میں مقیم پاکستانیوں نے 109.81 ملین ڈالر کا زرمبادلہ بھجوایا۔ گزشتہ سال فروری میں ملائیشیا میں مقیم پاکستانیوں نے 94.24 ملین ڈالر زرمبادلہ ملک میں بھجوایا تھا۔