اسلام آباد۔23مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر خزانہ و ریونیو شوکت ترین نے کہا ہے کہ رواں مالی سال 21-2020 کے معاشی اعدادوشمار کے مطابق پاکستان کی اقتصادی شرح نمو 3.94 فیصد تک بڑھی ہے۔ اتوار کو زوم پر ملک کی معاشی صورتحال اور اس حوالہ سے حاصل ہونے والی کامیابیوں کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ نے کہا کہ ہمیں عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے پاس جانا پڑا تھا کیونکہ معاشی طور پر مشکل حالات تھے۔ کورونا وائرس کی وبا شروع ہو گئی تھی۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ وفاقی حکومت نے چند ٹارگٹڈ اور اہم شعبوں میں کام کیا ہے جن میں زراعت، صنعت اور ہاؤسنگ وغیرہ شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے اقدامات نے ملک کی معاشی بحالی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ معاشی ترقی کی شرح میں اضافہ قابل قدر ہے جس پر وزیر اعظم عمران خان اور ان کی ٹیم کی کاوشیں لائق تحسین ہیں اور پوری ٹیم مباکباد کی مستحق ہے۔