رواں مالی سال کے پہلے چار ماہ میں پاکستان کو غیرملکی امداد کی مد میں 1.46 ارب ڈالر کی وصولیاں ہوئیں

68

اسلام آباد ۔ 27 نومبر (اے پی پی) رواں مالی سال 2018-19ءکے پہلے چار ماہ (جولائی تا اکتوبر) کے دوران پاکستان کو غیرملکی امداد کی مد میں 1.46 ارب ڈالر کی وصولیاں ہوئی ہیں تاہم جاری مالی سال میں آنے والے مہینوں کے دوران مختلف ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے غیرملکی معاونت اور قرضوں کی وصولی میں اضافہ کی توقع ہے۔ وزارت خزانہ کے حکام نے کہاکہ سی پیک کے تحت رواں مالی سال میں مختلف منصوبوں کے لئے غیرملکی معاونت کی مد میں مزید رقم ملے گی جس سے بنیادی ڈھانچے اور توانائی سمیت معیشت کے دیگر شعبوں میں بڑے منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جاسکے گا ۔ انہوں نے کہاکہ گزشتہ دبئی اسلامک بینک سے 160 ملین ڈالر کا قرضہ موصول ہوا ہے ۔انہوں نے کہاکہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے دوران غیرملکی معاونت کی مد میں پاکستان کو 2.3 ارب ڈالر موصول ہوئے تھے۔ اس طرح گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں رواں مالی سال کے دوران غیرملکی قرضوں کی مد میں ہونے والی وصولیوں میں 37 فیصد کی کمی ہوئی ہے۔ حکام نے کہا ہے غیرملکی قرضوں/امداد کی مد میں موصول ہونے والی 1.46 ارب ڈالر میںسعودی عرب سے مالی و اقتصادی پیکج کے تحت وصول ہونے والے ایک ارب ڈالر شامل نہیں ہیں۔